1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

تھائی لینڈ: انتخابی مہم کا آخری روز

2 جولائی 2011

تھائی لینڈ کے انتہائی اہم پارلیمانی انتخابات کل اتوار کے روز ہو رہے ہیں۔ آج ہفتہ کو انتخابی مہم کا آخری دن تھا۔

https://p.dw.com/p/11nnS
سابق تھائی وزیر اعظم تھاکشن شناواترا کی بہن ینگلُک شناواترا کی کامیابی کے امکانات ہیںتصویر: AP

تھائی لینڈ میں چھ سال سے جاری سیاسی بحران ان انتخابات سے یہ تو حل ہو جائے گا یا اس میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ کل اتوار کو ہونے والے یہ انتخابات ملک کے سیاسی استحکام کے لیے انتہائی اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔

رائے عامہ کے جائزے حزب اختلاف کی جماعت پوئیا تھائی کی وزیر اعظم ابھیسیت ویجاجیوا پر سبقت کا عندیہ دے رہے ہیں۔ یہ جماعت سابق تھائی وزیر اعظم تھاکشن شناواترا کی بہن ینگلُک شناواترا چلا رہی ہیں۔ تھاکشن شناواترا کو سن دو ہزار چھ میں فوج نے معزول کر دیا تھا۔ شناواترا اس وقت دبئی میں خودساختہ جلاوطنی گزار رہے ہیں۔ تھاکشن شناواترا کو تھائی لینڈ کی ’ریڈ شرٹس‘ کہلائے جانے والی تحریک کی بھی حمایت حاصل ہے۔ وزیر اعظم ویجاجیوا کی ڈیموکریٹ پارٹی شناواترا پر بدعنوانی کے الزام میں مقدمہ چلانا چاہتی ہے۔ تھائی لینڈ میں گزشتہ تمام برس صورت حال کشیدہ رہی اور حزب اختلاف کے حامیوں کے مظاہروں پر حکومت کا کریک ڈاؤن جاری رہا۔

Thailand Rothemden Jahrestag Niederschlagung Dermonstrationen Flash-Galerie
’ریڈ شرٹس‘ تحریک نے تھائی سیاست میں ہلچل مچا دی ہےتصویر: dapd

گو کہ تھاکشن شناواترا کی بہن کی جماعت کی کامیابی کی امید کی جا رہی ہے، مبصرین کی رائے ہے کہ مستقبل کی صورت حال اس بات پر منحصر ہوگی کہ پوئیا تھائی کتنی اکثریت سے یہ انتخابات جیتتی ہے۔ اگر پوئیا تھائی کو واضح اکثریت حاصل نہ ہوئی تو صورت حال کشیدہ ہونے کا امکان ہے، اور اس صورت حال میں تھائی فوج کی مداخلت بھی خارج از امکان نہیں۔ تھائی فوج ماضی میں بھی سیاسی مداخلت کرتی رہی ہے۔ ینگلُک شناواترا کی واضح اکثریت سے کامیابی تھائی فوج کو ناخوش کر سکتی ہے، اور مبصرین کی رائے میں یہ صورت حال بھی تھائی لینڈ کے لیے کوئی خوش کُن نہیں ہو گی۔

ینگلُک شناواترا نے آج ہفتہ کے روز یہ یقین ظاہر کیا ہے کہ ان کی جماعت کو ڈھائی سو نشستیں حاصل ہو جائیں گی، جو کہ ایک واضح اکثریت ہے۔ ڈیموکریٹ پارٹی بھی کچھ اسی قسم کی امید کر رہی ہے۔ تاہم دیکھنا یہ ہے کہ یہ انتخابات کتنے شفّاف اور پر امن ہوتے ہیں، اور ان انتخابات کے بعد تھائی حکومت اور حزب اختلاف کس طرح کے طرز عمل کا مظاہرہ کرتی ہیں۔

رپورٹ: شامل شمس⁄ خبر رساں ادارے

ادارت: عصمت جبیں

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید