توت عنخ آمون کے تابوت کی تزئین نو شروع
18 جولائی 2019مشہور مصری فرعون توت عنخ آمون کے تابوت کو سن 1922 میں مشہور برطانوی ماہر آثار قدیمہ ہوارڈ کارٹر کی نگرانی میں ڈھونڈا گیا تھا۔ ہوارڈ کارٹر صرف ماہر آثار قدیمہ ہی نہیں تھے بلکہ وہ قدیمی مصری تہذیب کی زبان یعنی مصریات کے ماہر بھی تھے۔
مصری حکومت فراعین دور کی یادگاروں کے حوالے سے ایک نیا میوزیم تعمیر کرنے کے عمل سے گزر رہی ہے اور اس کا نام عظیم مصری عجائب گھر (Grand Egyptian Museum) تجویز کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق اس بڑے میوزیم میں سب سے اہم ترین نوادرات توت عنخ آمون کا تابوت اور اُس کے ساتھ ملنے والی بقیہ اشیاء ہوں گی۔ یہ عجائب گھر اہرامات الجیزہ کے علاقے میں کھولا جائے گا۔
توت عنخ آمون کے تابوت کی آرائش و تزئین کے امور کی نگرانی مصری آثار قدیمہ کے ماہر عیسیٰ زیدان کے حوالے ہے۔ اس منصوبے کی مناسبت سے وہ کہتے ہیں کہ گزشتہ کئی دہائیوں میں تابوت کو خاصا نقصان پہنچنے کے ساتھ ساتھ اس میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ زیدان کے مطابق تابوت پر لگی سونے کی پتریاں بھی اکھڑنے لگی تھیں اور مجموعی حالت خاصی کمزور دکھائی دیتی تھی۔
عیسیٰ زیدان کے مطابق اس انتہائی بیش قیمت تابوت کی تزئین نو کا کام انتہائی احتیاط کے ساتھ تقریباً آٹھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ یہ امر اہم ہے کہ توت عنخ آمون کے مقبرے کی بحالی کا کام رواں برس جنوری میں دس برسوں میں ماہرین آثار قدیمہ کی نگرانی میں ماہر کاریگروں نے مکمل کیا تھا۔
یہ متفقہ طور پر تسلیم کیا جاتا ہے کہ قدیمی مصری تہذیب کے حاصل ہونے والے نوادرات میں فرعون توت عنخ آمون کے تابوت کے ساتھ ملنے والی اشیا انتہائی نایاب اور اہم ہیں۔ توت عنخ آمون نے مصر پر سن 1333 قبل از مسیح حکمرانی کی تھی۔ وہ تقریباً دس برس تک مصر کے فرعون رہے تھے۔ توت عنخ آمون کو تین تہوں والے تابوت میں محفوظ کیا گیا تھا۔ صرف پہلے تابوت کی مالیت بارہ لاکھ ڈالر لگائی گئی تھی۔
ع ح، ع ا، نیوز ایجنسیاں