تصویری خبرنامہ
ایف بی آئی کے سابق سربراہ کومی نے اپنی خاموشی توڑ دی۔ ترک صدر نے امریکا کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بھارت میں ایک شادی کے موقع پر ہلاکت خیز سانحہ۔ دیکھیے یہ اور دنیا میں رونما ہونے والے دیگر اہم واقعات، تصاویر میں۔
شادی ہال کی دیوار گر گئی
بھارت کی مغربی ریاست راجستھان کے ضلع بھارت پور میں ایک شادی ہال کی دیوار گرنے سے کم از کم چوبیس مہمان ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ ممکنہ طور پر شدید بارش کی وجہ سے پیش آیا۔
الطبقہ سے داعش کی پسپائی
امریکی حمایت یافتہ شامی باغیوں نے الطبقہ نامی شہر سے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کو پسپا کر دیا ہے۔ باغیوں کی ایس ڈی ایف نامی تنظیم کے ترجمان نے بتایا کہ اس شہر اور قریب ہی واقع ایک ڈیم پر اب اس تنظیم کا قبضہ ہے۔
لیپ ٹاپ پر پابندی
امریکی حکومت یورپ سے آنے والی پروازوں پر بھی لیپ ٹاپ اور ٹیبلٹ کے ساتھ سفر کرنے پر پابندی عائد کرنا چاہتی ہے۔ قومی سلامتی کے امریکی ادارے نے بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ ابھی تک اس تجویز پر کوئی فیصلہ نہیں کر پائی۔
میرکل اور اسٹولٹن برگ کی ملاقات
جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے جمعرات کو نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ سے برلن میں ملاقات کی۔ ذرائع کے مطابق اس ملاقات میں نیٹو کے دفاعی اخراجات اور انسداد دہشت گردی جیسے موضوعات زیر بحث آئے۔
ترک صدر کی امریکا پر تنقید
ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے شامی کرد جنگجو گروپ (وائی پی جی) کو ہتھیار فراہم کرنے کے امریکی اعلان پر احتجاج کیا ہے۔ ایردوآن نے اس امریکی فیصلےکو ایک ’غلطی‘ سے تعبیر کیا۔
جیمز کومی نے خاموشی توڑ دی
امریکا کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف بی آئی کے سابق سربراہ جیمز کومی نے اپنی برطرفی کے بعد پہلا بیان دیا ہے۔ ان کے بقول امریکا کا کوئی بھی صدر، جب بھی چاہے، بغیر کسی وجہ کے ایف بی آئی کے سربراہ کو اس کے عہدے سے ہٹا سکتا ہے۔
صومالیہ سے متعلق اجلاس
آج جمعرات کو برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں صومالیہ کے موضوع پر ایک بین الاقوامی اجلاس ہو رہا ہے۔ اس موقع پر اقوام متحدہ اور فلاحی اداروں نے دنیا کے اس انتہائی غریب ملک کے لیے عالمی برادری سے مزید امداد فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔ اس سے قبل 2012 ء میں بھی لندن میں اسی موضوع پر ایک اجلاس ہوا تھا۔
غلط فہمی یا الزامات؟
لیبیا کے حکام نے جرمنی کی ایک غیر سرکاری تنظیم ’سی واچ‘ پر بحیرہ روم میں ایک امدادی کارروائی میں دخل اندازی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ لیبیا کے کوسٹ گارڈز کے مطابق جب وہ ایک کشتی پر سوار ساڑھے تین سو مہاجرین کو بچا کر لیبیا واپس لانا چاہتے تھے، تو ’سی واچ‘ کے کارکن اِن مہاجرین کو یہ کہتے ہوئے اپنے جہاز پر چڑھانے کی کوشش کرنے لگے کہ لیبیا محفوظ ملک نہیں ہے۔