1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ترکی کی شام ميں کارروائی، شامی جنگ ميں نيا موڑ

عاصم سليم14 فروری 2016

ترکی کی جانب سے شام ميں دمشق حکومت اور کُردوں کے اہداف کو نشانہ بنايا گيا ہے جب کہ اِسی دوران سعودی عرب نے تصديق کر دی ہے کہ اسلامک اسٹيٹ کے خلاف لڑائی کے ليے اُس کی طرف سے لڑاکا طيارے ترکی بھيجے جا چکے ہيں۔

https://p.dw.com/p/1HvA5
تصویر: Reuters/A.Ismail

ترک افواج نے ہفتے تيرہ فروری کے روز شامی شہر عزاز کے قريب شامی کُرد ڈيموکريٹک يونين پارٹی (PYD) کے اہداف کو نشانہ بنايا ہے۔ اِس کے علاوہ ترکی کے جنوبی حاٹے نامی خطے ميں ايک فوجی چيک پوسٹ پر شام سے کی گئی فائرنگ کی جوابی کارروائی بھی کی گئی۔ شامی جنگ ميں اِس تازہ پيشرفت کی اطلاعات ترکی کی سرکاری نيوز ايجنسی اناطوليا نے استنبول سے جاری کردہ رپورٹوں ميں جاری کيں۔ تاحال شام ميں ترکی کی طرف سے کی جانے والی اِن کارروائيوں کے بارے ميں مزيد تفصيلات دستياب نہيں۔

شامی معاملات پر نظر رکھنے والی برطانوی دارالحکومت ميں قائم تنظيم سيريئن آبزرويٹری فار ہيومن رائٹس کے مطابق ترکی کی جانب سے کی گئی بمباری ميں ’منگ‘ نامی ايک ايئر بيس کو نشانہ بنايا گيا، جس پر حال ہی ميں کُرد پيپلز پروٹيکشن يونٹس (YPG) نے قبضہ کر ليا تھا۔ انقرہ حکومت کُرد ڈيموکريٹک يونين پارٹی اور اُس کے مليشيا کُردش پيپلز پروٹيکشن يونٹس کو ترکی ميں کالعدم تنظيم کُردستان ورکرز پارٹی کی شاخيں مانتی ہے۔

ترکی کی جانب سے شام ميں يہ کارروائی وزير اعظم احمد داؤد اوگلو کے اُس بيان کے کچھ ہی دير بعد کی گئی، جس ميں اُنہوں نے کہا تھا کہ ضرورت پڑنے پر اُن کی افواج کُرد ڈيموکريٹک يونين پارٹی کے خلاف کارروائی کر سکتی ہيں۔ اُنہوں نے ملکی ٹيلی وژن پر نشر کردہ ايک تقرير ميں يہ بات کہی تھی۔

امريکی محکمہ خارجہ نے حلب کی صورتحال پر تشويش کا اظہار کرتے ہوئے ترکی پر زور ديا ہے کہ وہ شيلنگ روک دے۔ امريکی محکمے کے مطابق تمام اطراف سے کشيدگی کم کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

Syrien Luftangriff F-18 Anti-IS Koalition
تصویر: picture-alliance/dpa/US Air Force

دريں اثناء سعودی عرب کی جانب سے ہفتے کی شب يہ تصديق کر دی گئی ہے کہ اُس نے اپنا ايئر کرافٹ دہشت گرد تنظيم اسلامک اسٹيٹ کے خلاف کارروائی کے ليے ترکی بھيج ديے ہيں۔ سعودی وزارت دفاع کے ايک مشير بريگيڈيئر جنرل احمد العصيری نے ايک مقامی ٹيلی وژن چيل پر بات چيت کے دوران کہا کہ رياض حکومت، داعش کے حلاف لڑائی کے ليے پُر عزم ہے اور ايئر کرافٹ بھيجنا اِسی کا حصہ ہے۔ اُن کے بقول تاحال ترکی کے انجرليک بيس پر صرف ايئر کرافٹ بھيجا گيا ہے۔

يہ امر اہم ہے کہ ايک روز قبل ہی ترک وزير خارجہ مولود چاووش اوغلو نے يہ عنديہ ديا تھا کہ ترکی اور سعودی عرب کی جانب سے شام ميں داعش کے خلاف زمينی کارروائی شروع کی جا سکتی ہے اور اِس مقصد کے ليے رياض حکومت اپنے لڑاکا طيارے ترکی روانہ کر رہی ہے۔