تامل تحریک پر دستاویزی فلم، کولمبو حکومت کا احتجاج
15 جون 2011برطانوی ٹی وی ’چینل فور‘ کی جانب سے سری لنکا میں تامل علیحدگی پسند تحریک پرایک دستاویزی فلم نشر کی گئی ہے۔ اس فلم میں کچھ ایسے مناظر شامل ہیں، جن میں تامل ٹائیگرز کے خلاف کیے جانے والے آپریشن میں سرکاری دستوں کو جنگی جرائم میں ملوث دکھایا گیا ہے۔ اس فلم پر تبصرہ کرتے ہوئے برطانیہ میں سری لنکا کے ہائی کمشنر نے کہا کہ یہ بات واضح نہیں ہے کہ آیا یہ مناظراصلی بھی ہیں یا نہیں؟ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی فلم کے منفی اثرات بہت زیادہ ہوتے ہیں۔ ’’اس فلم کا ایک مخصوص حصہ سری لنکا میں آباد مختلف نسلوں کے افراد کے درمیان فاصلے اور نفرتیں بڑھا سکتا ہے‘‘۔ سری لنکا کے ہائی کمشنر نے مزید کہا کہ تامل ٹائیگرز کی تحریک کے ختم ہونے کے بعد بنائے جانے ایک مقامی پینل نے انسانی حقوق کی خلاف ورز ی کے الزامات کو درج کر لیا ہے اور اس حوالے سے فوری کارروائی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
چینل فور پر دکھائی جانے والی اس دستاویزی فلم کا نام ہے’ Sri Lanka´s Killing Fields ‘۔ اس میں تامل قیدیوں کو قتل کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تامل تحریک کی خواتین سپاہیوں کی ایسی لاشیں بھی دکھائی گئیں ہیں، جن کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی تھی۔ اس فلم میں یہ بھی دکھایا گیا ہے کہ صرف سری لنکن فوج ہی ان مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث نہیں تھی بلکہ تامل ٹائیگرز بھی جنگی جرائم کے مرتکب ہوئے ہیں۔
برطانیہ میں سری لنکن ہائی کمیشن کی جانب سے جاری کیے جانے والے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ چینل فور یا کسی بھی دوسرے گروپ کی جانب سے لگائے جانے الزامات درست ثابت ہوئے تو ذمہ داروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔
2009ء میں جب کولمبو حکومت نے تامل علیحدگی پسند تحریک کو کچل دیا تھا، تب بھی اس نوعیت کے الزامات سامنے آئے تھے۔ تاہم اس وقت حکومت کا مؤقف تھا کہ کسی سطح پر بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں سرزد نہیں ہوئیں ہیں۔ اس وجہ سے تحقیقات بھی نہیں کروائی جائیں گی۔ اس موقع پر کولمبو حکومت نے اقوام متحدہ کے ایک تین رکنی تفتیشی پینل کو بھی ان واقعات کی تحقیات کرنے سے روک دیا تھا۔ اقوام متحدہ کے دو تفتیشی افسران نے اس فلم کے مستند ہونے کی گواہی دی ہے جبکہ کولمبو حکومت اسے جعلی قرار دے رہی ہیں۔
سری لنکا میں تامل باشندوں نے1972ء میں اپنی تحریک شروع کی، جس نے 1983ء میں مسلح جدوجہد کا رخ اختیار کر لیا تھا۔ اس وقت سے 2009ء تک تامل علیحدگی پسند تحریک کے اختتام تک 70 ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔
رپورٹ: عدنان اسحاق
ادارت : افسر اعوان