1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
تنازعاتایشیا

تائیوان کی صورت حال پر امریکی اور چینی صدر میں تبادلہ خیال

6 اکتوبر 2021

امریکی صدر جو بائیڈن کا کہنا ہے صدر شی جن پنگ نے تائیوان سے متعلق معاہدے کی پاسداری کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ تائیوان نے چینی طیاروں کی در اندازی پر فکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسے حملے کا خطرہ محسوس ہو رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/41JvB
Joe Biden
تصویر: Susan Walsh/AP/picture alliance

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ انہوں نے اپنے چینی ہم منصب صدر شی جن پنگ سے بات چیت کی ہے اور وہ ''تائیوان کے حوالے سے معاہدے کی پاسداری کریں گے۔''  وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران انہوں نے کہا، ''میں نے تائیوان سے متعلق صدر شی جن پنگ سے بات کی ہے۔''

ان کا مزید کہنا تھا، ''ہم نے اتفاق کیا کہ ہم تائیوان معاہدے کی پاسداری کریں گے۔ ہم اسی موقف پر ہیں۔ اور ہم نے یہ بھی واضح کر دیا کہ مجھے نہیں لگتا کہ انہیں اس کی پاسداری کرنے کے علاوہ کچھ اور کرنے کی ضرورت ہے۔'' 

جو بائیڈن کا بظاہر اشارہ امریکا کے اس موقف کی طرف تھا جس کے تحت امریکا ''ون چائنا'' یعنی متحدہ چین کی پالیسی پر قائم ہے۔ اس سیاسی موقف کے مطابق امریکا سرکاری سطح پر تائیوان کے دارالحکومت تائی پی کو تسلیم کرنے کے بجائے تمام معاملات بیجنگ سے طے کرنے کا پابند ہے۔

لیکن واشنگٹن کا تائیوان کے بجائے بیجنگ کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کا فیصلہ اس موقف سے مشروط بھی ہے کہ تائیوان کا مستقبل پرامن طریقے سے طے کیا جائے گا۔

Taiwan: Flaggenüberführung vor dem Nationalfeiertag
تصویر: Daniel Ceng Shou-Yi/ZUMA Press Wire/picture alliance

تائیوان میں الرٹ

حال ہی میں چین کی جانب سے تائیوان کی فضائی حدود میں در اندازی کی خبریں آئی تھیں اور اس حوالے سے تائیوان کی وزیر اعظم سو سینگ نے چین پر یہ کہتے ہوئے نکتہ چینی بھی کی تھی کہ تائی پی کو اس وقت الرٹ رہنے کی ضرورت ہے کیونکہ چینی کارروائیاں حد سے گزرنے کے مترادف ہیں۔

حکام نے چین کی جانب سے بڑھتے ہوئے خطرے پر خدشات کا اظہار کرتے ہوئے اس پر تشویش کا بھی اظہار کیا ہے۔

تائیوان کے وزیر دفاع شیو کواؤ چینگ نے بدھ کے روز اپنے ایک بیان میں کہا کہ بیجنگ کے ساتھ فی الوقت گزشتہ  40 برسوں کے دوران کی سب سے بد ترین کشیدگی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ چین کے پاس 2025 تک مکمل پیمانے پر حملہ کرنے کی صلاحیت موجود ہو گی۔

چین کا دعوی ہے کہ تائیوان اس کے اپنے ملک کا ایک حصہ ہے اور اگر ضرورت پڑی تو طاقت کے زور پر مکمل طور پر اسے ضم کیا جا سکتا ہے۔

 تاہم تائیوان کا کہنا ہے کہ وہ ایک آزاد ملک ہے اور اگر ضرورت پڑی تو وہ اپنی آزادی اور جمہوریت کا دفاع کرے گا۔

وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی مشیر جیک سلوین چھ اکتوبر بدھ کے روز سوئٹزر لینڈ میں خارجی امور کے چینی مشیر ینگ جائی چی سے ملاقات کرنے والے ہیں۔

 ص ز/ ج ا (روئٹرز)

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں