1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیرون ملک تعلیم یافتہ ڈاکٹروں کی احتجاج کی دھمکی

فریداللہ خان، پشاور
21 مئی 2020

بیرون ملک تعلیم یافتہ پاکستانی ڈاکٹرز نے ہاؤس جاب اور نجی پریکٹس کے طریقہ کار کو نرم نہ بنانے پر احتجاج کی دھمکی دی ہے۔

https://p.dw.com/p/3cZa3
Pakistan Bündniss für ausländische Ärzte
تصویر: DW/Farid Ullah Khan

پاکستانی طبی مراکز میں سہولیات کے فقدان کے باوجود بیرون ملک سے میڈیکل میں گریجویشن کرنے والے ہزاروں ڈاکٹروں کو ہاؤس جاب اور نجی پریکٹس کرنے کے لیے اجازت کی ضرورت ہوتی ہے تاہم فارن گریجویٹ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ مشکل طریقہ کار کی وجہ ان کے چار سال ضائع کئے جاتے ہیں۔ یہ طریقہ کار کسی بھی ملک میں نہیں ۔

پاکستان فارن ڈاکٹرز الائنس کے مطابق ملک میں ایسے ڈاکٹروں کی تعداد پانچ ہزار سے زیادہ ہے۔ خیبر پختونخوا میں ان ڈاکٹروں نے ''پاکستان فارن ڈاکٹرز الائنس‘‘ کے نام سے باقاعدہ تنظیم بنائی ہے جنہوں نے مطالبات تسلیم نہ ہونے کی صورت میں سڑکوں پر احتجاج کرنے کی دھمکی دی ہے۔

مساجد کھولنے کے خطرناک نتائج نکل سکتے ہیں، پاکستانی ڈاکٹرز

پاکستانی ڈاکٹرز کو نکالنے کا سعودی فیصلہ تنقید کی زد میں

 ان ڈاکٹروں کے مطابق خیبر پختونخوا میں بیرون ملک سے گریجویشن کرنے والے ڈاکٹروں کی تعداد دو ہزار ہے تاہم ان کے ساتھ پندہ سو ڈاکٹرز رابطے میں ہیں، جب اس سلسلے میں ڈی ڈبلیو نے فارن ڈاکٹرز الائنس کے صدر ڈاکٹر فیض اللہ خان سے بات کی تو ان کا کہنا تھا، '' ہمارےدواہم مطالبات ہیں ایک ہاؤس جاب کی اجازت دی جائے اور لائسنس کے لیے ون سٹیپ امتحان لیا جائے۔ کیوں کہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کے تھری اسٹیپ امتحان میں چار سال لگ جاتے ہیں۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ملک میں کورونا وائرس کی شکل میں وبا پھیلی ہے، ایسے میں ڈاکٹروں کی خدمات کی اشد ضرورت بھی ہے۔ '' ہمیں ہاؤس جاب کی اجازت دی جائے ہم دیگر ڈاکٹروں کے ساتھ مل کر کورونا کے خلاف جنگ میں اپنا حصہ ڈالیں گے۔ اس دوران ہمارا ون اسٹیپ امتحان بھی لیا جائے۔ اس امتحان کے بعد ہمیں لائسنس اور نجی پریکٹس کی اجازت دی جائے۔ اگر ایسا نہ ہوا تو ہم سڑکوں پر احتجاج کے لیے نکلیں گے  پہلے مرحلے میں اپنی فیملی کے ساتھ دھرنا دیں گے۔ اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے توخودکشی کرنے سے بھی دریغ نہیں کریں گے۔‘‘

ایسے ڈاکٹروں کی تعداد کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اس وقت صرف چین میں دس ہزار پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں زیادہ ترمیڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں جب کہ وسط ایشیا کے ممالک سمیت جارجیا، سائپرس، ایران اور کئی دیگر ممالک میں پاکستانی میڈیکل کی تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔

کورونا وائرس، بارسلونا کے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیورز مقامی ہیرو

کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے صوبائی حکومت نے حال ہی میں اٹھارہ سو ڈاکٹروں کی تقرری کی ہے تاہم دو ماہ گزرنے کے بعد بھی ان ڈاکٹروں کی تنخواہ کا مسئلہ حل طلب ہے ۔ جب اس سلسلے میں ڈی ڈبلیو نے صوبائی وزیر محنت شوکت علی یوسفزئی سے رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا، ''پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل میں صوبے کا عمل دخل نہیں ہے۔ وہ باہر سے پڑھ کر آنے والے ڈاکٹروں کی رجسٹریشن کے لیے اپنے طریقہ کار کے مطابق امتحان لیتے ہیں۔ جس میں بعض ڈاکٹر پہلے مرحلے میں کامیاب ہوجاتے ہیں جب کہ بعض کو تین چار سال لگ جاتے ہیں۔‘‘

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ کورونا وائرس سے خیبر پپختونخوا میں بدھ کی شام تک ساڑھے تین سو افراد جان بحق ہوئے ہیں۔ دارالحکومت پشاور میں، جہاں صوبے کے تین بڑے ہسپتال ہیں، مرنے والوں کی تعداد دوسو نو بتائی گئی تینوں ٹیچنگ ہسپتالوں میں ڈاکٹروں،نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ایک بڑی تعداد بھی وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔