1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بیجنگ کی آلودہ فضا میں میراتھن: سات افراد کو دل کا دورہ

مقبول ملک21 ستمبر 2015

چینی دارالحکومت بیجنگ کی مشہور میراتھن کے دوران ایک انتظامی اہلکار اور کم از کم چھ کھلاڑیوں کو دل کے دورے پڑے تاہم خوش قسمتی سے ان میں سے کسی کے لیے بھی دل کی یہ اچانک بیماری جان لیوا ثابت نہ ہوئی۔

https://p.dw.com/p/1GZqe
تصویر: Picture alliance/landov/Xinhua/L. Gang

بیجنگ سے پیر اکیس ستمبر کے روز موصولہ جرمن نیوز ایجنسی ڈی پی اے کی رپورٹوں کے مطابق یہ میراتھن کل اتوار بیس ستمبر کے روز منعقد ہوئی اور اس دوران سات افراد کو پڑنے والے دل کے دوروں کا ایک اہم پس منظر یہ ہے کہ اس دوران شہر کی فضا میں آلودگی کا تناسب انسانی صحت کے لیے خطرناک حد تک زیادہ تھا۔

چینی ذرائع ابلاغ کی رپورٹوں کے مطابق اس دوڑ میں دنیا کے مختلف ملکوں اور براعظموں سے قریب تیس ہزار مرد اور خواتین کھلاڑیوں نے حصہ لیا، جن میں اکثریت چینی ایتھلیٹس کی تھی۔

اخبار ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ نے آج اپنی پیر کی اشاعت میں لکھا کہ بیجنگ میراتھن کے انعقاد کے کچھ ہی دیر بعد شہر میں امریکی سفارت خانے کے مانیٹرنگ اسٹیشن نے فضائی آلودگی کی جو شرح ریکارڈ کی وہ 175 بنتی تھی۔

ماہرین ماحولیات کے مطابق فضائی آلودگی کی یہ شرح اگر 151 اور 200 کے درمیان ہو تو وہ نہ صرف مضر صحت سمجھی جاتی ہے بلکہ ایسی صورت حال میں عام شہریوں کو یہ مشورہ بھی دیا جاتا ہے کہ وہ زیادہ دیر تک اپنے گھروں سے باہر ورزش نہ کریں۔ اتوار کے روز بیجنگ میراتھن کے وقت فضائی آلودگی کی یہ شرح اپنی مضر صحت حدود کے عین وسط میں تھی۔

یہ ریس افریقی ملک کینیا سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹ مارِیکو کِپچُمبا نے جیتی تھی۔ اس 41 سالہ کھلاڑی نے قریب 42 کلومیٹر کا فاصلہ دو گھنٹے اور گیارہ منٹ میں طے کیا تھا۔ چینی دارالحکومت میں اس میراتھن کے انعقاد کا سلسلہ 1980ء میں شروع ہوا تھا۔