1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بہتر دنیا کی امید کرتا ہوں، کرسمس پر پوپ کا پیغام

عاطف بلوچ25 دسمبر 2013

کرسمس کے موقع پر پاپائے روم فرانسس نے ایک بہتر دنیا کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو بہتری کی امید کرتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1Agin
تصویر: Reuters

پچیس دسمبر بروز بدھ پوپ فرانسس نے ویٹی کن میں واقع سینیٹ پیٹرز باسیلیکا میں 70 ہزار عقیدت مندوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک بہتر دنیا کی امید کرتے ہیں۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ امن مذاکرات کی کامیابی اور شام کے علاوہ افریقہ میں جنگ کے شکار متعدد ممالک میں قیام امن کے علاوہ مختلف تنازعات کی وجہ سے بے گھر ہونے والوں کی حالت میں بہتری کے لیے بھی دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان تمام لوگوں کے ساتھ ہیں جو بہتری کی امید کرتے ہیں۔

Papst Franziskus Weihnachtssegen Urbi et Orbi 2013
کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم پوپ فرانسستصویر: Reuters

انہوں نے یسوع مسیح کو ’امن کا شہزادہ‘ قرار دیا اور کہا کہ حقیقی امن دراصل انسانوں کے عزم سے وابستہ ہے۔ مشرق وسطیٰ ، افریقہ اور دنیا کے دیگر علاقوں میں مسیحیوں پر کیے جانے والے حملوں پر تبصرہ کرتے ہوئے پوپ فرانسس کا کہنا تھا کہ خدا ان تمام لوگوں کو اپنی پناہ میں رکھے، جنہیں اسی کے نام پر ظلم و جبر کا سامنا ہے۔

دنیا بھر کے 1.2 بلین کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پاپائے روم پوپ فرانسس نے گزشتہ رات ساڑھے نو بجے خصوصی دعائیہ عبادات کا آغاز کیا، جو روایتی طور پر نصف شب تک جاری رہیں۔ پاپائے روم کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلی مرتبہ اس مذہبی تقریب کا آغاز کرتے ہوئے پوپ فرانسس نے یسوع مسیح کے نوعمری کے ایک مجسمے کو بوسہ دیا۔

اس موقع پر پوپ فرانسس کا کہنا تھا، ’’خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں۔ ہمارا خالق صبر و استقامت کی علامت ہے۔ وہ ہم سے محبت کرتا ہے۔ اس نے ہمیں یسوع مسیح سے نوازا ہے، جو (جنت کے) اُس راستے پر چلنے کے لیے ہماری رہنمائی کرتا ہے، جس کا وعدہ کیا گیا ہے۔ یسوع مسیح ایک ایسا نور ہے جو تاریکی کو روشنی میں بدلتا ہے۔ وہ رحم ہے۔ ہمارے خالق ہمیں ہمیشہ معاف کرنا۔ وہی ہمارا امن ہے۔ آمین۔‘‘

Joachim Gauck Weihnachtsansprache Berlin 2013 BITTE TEXT BEACHTEN!
جرمن سربراہِ مملکت یوآخم گاؤکتصویر: JOHN MACDOUGALL/AFP/Getty Images

ادھر جرمن سربراہِ مملکت یوآخم گاؤک نے کرسمس کے موقع پر اپنے روایتی خطاب میں جرمن عوام پر زور دیا ہے کہ وہ دیگر ملکوں سے آنے والے پناہ گزینوں کی جانب کُشادہ دلی کا مظاہرہ کریں، ’’پناہ کی تلاش میں جو لوگ ہمارے پاس آتے ہیں، وہ اس توقع کے ساتھ نہیں آتے کہ یہاں اُن کے لیے آرام دہ بستر بِچھا ہو گا۔ یہ لوگ تعاقب اور غربت سے فرار ہو کر یہاں آتے ہیں۔ ہمیں اِن کی جانب تنگ دلی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔‘‘

جہاں دنیا بھر میں مسیحی برداری کرسمس کی خوشیاں منا رہی ہے وہیں عراقی دارالحکومت بغداد میں آج ایک چرچ پر ہونے والے حملے کے نتیجے میں کم ازکم 35 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ عراقی پولیس کے مطابق یہ بم دھماکا جنوبی بغداد کے علاقے الدوہ میں واقع ایک چرچ کے باہر اس وقت ہوا، جب لوگ چرچ میں عبادت کے بعد باہر آ رہے تھے۔ کسی بھی گروپ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔