بھوک ہڑتالی فلسطینیوں کو زبردستی خوراک دینے کا قانون منظور
30 جولائی 2015اسرائیل فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کو تل ابیب حکومت کو زیر دباؤ لانے کا ایک ہتھیار سمجھتا ہے چنانچہ اُس نے اس کے خلاف ایک قانون بنایا تھا، جسے 2014 ء میں ابتدائی طور پر کابینہ کی طرف سے منظور کر لیا گیا تھا۔ تب اس قانون کی منظوری وقت کی ضرورت تھی کیونکہ اُس وقت بڑی تعداد میں فلسطینی قیدیوں نے بھوک ہڑتال کی تھی اور اس عمل میں نڈھال اور بیمار ہو جانے والے درجنوں فلسطینی قیدیوں کو ہسپتال میں داخل کرنا پڑا تھا۔
اس غیر معمولی قانون کی منظوری کے لیے ہونے والی رائے شماری میں 46 میں سے 40 ووٹ اس قانون کے حق میں دیے گئے۔ اس قانون کے اطلاق کی شرائط کے بارے میں حکمران لیکوڈ پارٹی سے تعلق رکھنے والے یک سیاستدان ڈیوڈ آمزالم کہتے ہیں کہ یہ اُس وقت ہوگا جب ڈاکٹر بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کے معائنے کے بعد یہ کہیں گے کہ بھوک ہڑتال جاری رکھنے کی صورت میں قیدی کی جان کو فوری طور پر خطرہ لاحق ہے یا بھوک ہڑتال ختم نا کرنے کی صورت میں قیدی کی صحت کو طویل المیعاد نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اُدھر حزب اختلاف کے اراکین اور چار عرب اسرائیلی سیاسی جماعتوں کے اتحاد نے حکومت کے نئے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ یہ فلسطینی قیدیوں کو اذیت دینے اور اُن کی جائز جدو جہد اور مہم کی بیخ کنی کے لیے ہے۔ اپوزیشن کی طرف سے اس بارے میں مزید کہا گیا ہے کہ ''فلسطینی قیدیوں کی بھوک ہڑتال کو زبردستی ختم کرانے اور ان قیدیوں کو اُن کی خواہش کے برخلاف غذا دینے کا قانون وزیر اعظم نیتن یاہو کی بنیادی جمہوری اقدار کی مسخ شدہ شکل کی عکاسی کرتا ہے‘‘۔
اسرائیلی میڈیکل ایسو سی ایشن نے اس نئے قانون کی شدت سے مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹرز اس معاملے میں سختی سے اخلاقیات کے قوانین پر عمل پیرا ہوں گے اور بھوک ہڑتال کرنے والے قیدیوں کو اُن کی خواہش کے برخلاف زبردستی غذا نہیں دی جائے گی۔
اسرائیل کی شہریوں کے حقوق کی ایسوسی ایشن کے مطابق جو فلسطینی قیدی بھوک ہڑتال کرتے ہیں اُنہیں انتظامی حراست میں رکھا جاتا ہے جہاں انہیں کسی الزام کے بغیر چھ ماہ کی مدت کے لیے قابل تجدید قید کے تحت رکھا جاتا ہے۔
سول رائٹس کی یہ ایسو سی ایشن انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم اُن دس گروپوں میں شامل ہے جنہوں نے ُبدھ کو اس قانون سے متنبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ ’’ انتظامی قید میں موجود فلسطینی قیدیوں کی روح اور جسم کو غیر متشدد طریقے سے کچلنے اور ان کی احتجاج کے اظہار کی صلاحیتوں کو صلب کرنے کے مترادف ہے‘‘۔