1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی ٹی وی کو شادی میں کامیابی کی تلاش

افسر اعوان2 ستمبر 2013

بھارتی ٹیلی وژن ناظرین میں شادی بیاہ سے متعلق معاملات اور حقیقت پر مبنی یعنی ریئلیٹی شوز بے حد مقبول ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ایک نیا چینل ’شَگُن‘ ان دونوں چیزوں کو جمع کر کے اپنی کامیابی کی راہ تلاش کر رہا ہے۔

https://p.dw.com/p/19aE1
تصویر: Fotolia/davidevison

شگن ٹیلی وژن کی انتظامیہ کو امید ہے کہ یہ آئیڈیا یقینی طور پر کامیاب ہو گا۔ نئی دہلی میں قائم ہونے والے اس چینل کی 24 گھنٹوں کی نشریات میں شادی بیاہ اور اس سے متعلقہ معاملات پر پروگرام شامل کیے گئے ہیں۔

خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق شگن ٹیلی وژن کا دفتر اور اسٹوڈیوز بھی اسی مرکزی خیال کی روشنی میں سجائے گئے ہیں۔ ٹیلی وژن کی لابی میں بھارت میں روایتی شادی کی منظر کشی کی گئی ہے، جس میں پگڑیاں باندھے مرد باراتی اور دولہے کو لے جانے والے سجے سجائے ہاتھی کی تصویر کشی کی گئی ہے۔

نئی دہلی میں ایک دن میں 60 ہزار تک بھی شادیاں ہو چکی ہیں
نئی دہلی میں ایک دن میں 60 ہزار تک بھی شادیاں ہو چکی ہیںتصویر: DW/P.M.Tewari

اس ٹیلی وژن پر نشر کیے جانے والے شوز میں نہ صرف دلہن کی تیاری کے لیے خصوصی شو شامل ہے بلکہ ایک شو میں یہ بھی بتایا جاتا ہے کہ ہنی مون کے لیے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے کن کن مقامات پر جایا جا سکتا ہے۔ ساس بہو کے تعلقات کے علاوہ دلہن کی جیولری کے لیے خصوصی پروگرام ’گولڈ ان بیوٹی فُل‘ بھی شگن کی نشریات میں شامل ہے۔ شادی شدہ جوڑوں اور منگیتروں کے مسائل اور ان کے حل کی تجاویز کے علاوہ یہ چینل شادیوں کی تقریبات کی براہِ راست کارروائی نشر کرنے کا بھی ارادہ رکھتا ہے۔ اس مقصد کے لیے یہ ٹیلی وژن 11 ہزار امریکی ڈالرز تا 19 ہزار امریکی ڈالرز وصول کرے گا۔ اب یہ لوگوں پر منحصر ہے کہ وہ کتنے دنوں کی تقریبات شگن ٹیلی وژن پر نشر کرانا چاہتے ہیں۔ شگُن ٹیلی وژن کے مطابق ان کا مقصد متوسط طبقے کے بھارتیوں کو یہ موقع دینا ہے کہ وہ لوگوں کی توجہ حاصل کر سکیں۔

میڈیا انڈسٹری کے تجزیہ کاروں کے مطابق یہ بھارت کا پہلا ایسا چینل ہے، جو شادی سے متعلق 24 گھنٹے انٹرٹینمنٹ فراہم کر رہا ہے۔ ان کے مطابق یہ بھارت میں شادی بیاہ سے متعلق بڑی انڈسٹری میں سے اچھا خاصا ریونیو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ بھارت میں آج کل اس انڈسٹری کا مالیاتی حجم 38 ارب ڈالر سالانہ ہے جبکہ اس میں سالانہ 25 سے 30 فیصد کی شرح سے اضافہ ہو رہا ہے۔

بھارت میں شادی بیاہ کا موسم اکتوبر میں شروع ہوتا ہے اور موسم بہار کے آخر تک جاری رہتا ہے
بھارت میں شادی بیاہ کا موسم اکتوبر میں شروع ہوتا ہے اور موسم بہار کے آخر تک جاری رہتا ہےتصویر: DW/P.M.Tewari

بھارت میں شادی بیاہ کا موسم اکتوبر میں شروع ہوتا ہے اور موسم بہار کے آخر تک جاری رہتا ہے۔ اس دوران کتنی زیادہ شادیاں ہوتی ہیں، اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ بڑے شہروں میں شادی ہالوں کے ارد گرد کے علاقوں میں اکثر ٹریفک جام رہتا ہے۔ بھارتی اخبارات کے مطابق صرف نئی دہلی میں خاص طور پر ایسے دنوں میں، جنہیں خوش قسمتی کے حامل قرار دیا جاتا ہے، ایک دن میں 60 ہزار تک بھی شادیاں ہو چکی ہیں۔

تاہم بعض تجزیہ کاروں کے مطابق شگن کا بزنس ماڈل شاید زیادہ کامیاب ثابت نہ ہو سکے۔ ان کے خیال میں اس کی وجہ وہاں ٹیلی وژن چینلز کی تعداد میں تیزی سے ہوتا ہوا اضافہ اور ناظرین کی پسند نا پسند کے حوالے سے مختلف عادات وغیرہ شامل ہیں۔ انڈیا ٹیلی وژن ڈاٹ کام نامی ایک جریدے کے ایڈیٹر ان چیف انیل ونواری کے بقول اس وقت بھارت میں 700 چینل ہیں اور لوگ عام طور پر ایسے لوگوں کو دیکھنا پسند نہیں کرتے، جو غیر معروف ہوں۔