1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارتی روپے کی قدر چار فیصد تک کم

افسر اعوان28 اگست 2013

بھارتی روپے کی قدر میں بدھ 28 اگست کو ریکارڈ کمی دیکھی گئی۔ منگل کے روز بھی بھارتی روپے کی قدر میں تین فیصد کمی ہوئی جبکہ بدھ کے روز یہ کمی 3.7 فیصد رہی۔

https://p.dw.com/p/19Y2z
تصویر: AP

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق بھارتی روپیہ ایشیا میں بری ترین کارکردگی دکھانے والی کرنسیوں میں سے ایک ہے جس کی قدر میں رواں برس کے آغاز سے اب تک ایک چوتھائی تک کمی واقع ہو چکی ہے۔

امریکی ڈالر کےمقابلے میں بھارتی روپے کی یہ نئی کم ترین سطح ہے۔ آج بدھ کے روز ایک امریکی ڈالر کے مقابلے میں بھارتی روپے کی قدر 68.85 تک گر گئی تھی تاہم سہ پہر کے وقت بہتری کے بعد یہ قیمت 68.80 رہی۔ اس طرح بدھ کے روز روپے کی قدر 3.7 فیصد کم ہوئی جو ریکارڈ کمی ہے۔

Indien Währung Banknoten Geld Rupee
تصویر: AP

خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق غیر ملکی سرمایہ کار گزشتہ روز تک آٹھ مختلف سیشنز میں ایک بلین امریکی ڈالرز کے شیئرز فروخت کر چکے ہیں۔ روپے کی قدر میں مزید کمی سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید کمی کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔

روئٹرز کے مطابق بھارتی روپے کی قدر میں کمی کی ایک وجہ تیل سے مالا مال خلیجی ممالک میں جاری حالیہ بحران کو قرار دیا جا سکتا ہے تو دوسری جانب اس کی اہم وجوہات میں موجودہ حکومت کی طرف سے مالیاتی اصلاحات میں ناکامی، حکومت کے بدعنوانی کے اسکینڈلز اور کرنٹ اکاؤنٹ کی مد میں حکومت کو درپیش خسارہ بھی شامل ہیں۔

اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے اندازوں کے مطابق بھارتی روپے کی قدر میں بہتری سے قبل یہ ایک ڈالر کے مقابلے میں 70 روپے تک کی کم ترین شرح تک جا سکتا ہے۔

منگل 27 اگست کو بھارت کے وزیر خزانہ پی چدمبرم نے کہا تھا کہ بھارت کے پاس اس قدر رقم موجود ہے کہ وہ نہ صرف اسمبلی سے منظور ہونے والے فوڈ سکیورٹی پروگرام کے لیے رقم مہیا کر سکتا ہے بلکہ خسارے کے خاتمہ بھی کر سکتا ہے۔ ان کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ بھارت کو ’’صبر کرنا ہوگا، ڈٹے رہنا ہوگا۔۔۔ جو ضروری ہے وہ کرنا ہو گا۔۔۔ اور نتیجتاﹰ روپیہ مناسب سطح پر پہنچ جائے گا۔‘‘

Indische Rupie Geldschein
تصویر: Fotolia/Sujit Mahapatra

بھارتی حکومت کی طرف سے فوڈ سکیورٹی بِل ایک ایسے وقت پر منظور کیا گیا ہے جب بھارتی اقتصادی ترقی انتہائی سست ہے۔ دوسری طرف ماہرین اقتصادیات کے مطابق یہ بل حکومتی مالیات پر بوجھ ثابت ہو گا۔

روئٹرز کے مطابق بھارتی مرکزی بینک کی طرف سے بھی خبردار کیا جا چکا ہے کہ فوڈ سکیورٹی بِل پر حکومتی اخراجات سے نہ صرف خسارہ بڑھے گا بلکہ ملک میں پہلے سے بڑھتی ہوئی افراط زر کی شرح میں بھی اضافہ ہو گا اور جس کا نتیجہ روپے کی قدر میں مزید کمی کی صورت میں نکل سکتا ہے۔

کبھی تیزی سے ترقی کرتی بھارتی معیشت میں گزشتہ برس محض پانچ فیصد کا اضافہ دیکھا گیا جو گزشتہ ایک دہائی کے دوران کم ترین شرح نمو ہے۔