’بھارتی بولر بمراہ کا بل بورڈ فیصل آباد بھی پہنچ گیا’
24 جون 2017چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں بھارتی فاسٹ بولر جسپریت بمراہ نے ایک نوبال پر فخر زمان کو آؤٹ کر دیا تھا لیکن غیر قانونی ڈیلیوری کے باعث فخر زمان کو اس میچ میں ایک نئی زندگی مل گئی تھی۔ زمان اس وقت صرف تین رنز پر کھیل رہے تھے، جس کے بعد انہوں نے ایک سو چودہ رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، جو اس فائنل میچ میں پاکستان کی کامیابی میں انتہائی اہم قرار دی گئی تھی۔ ناقدین کے مطابق اگر بمراہ وہ نو بال نہ کراتے تو بھارت کی ٹیم چیمپئنز ٹرافی کا یہ فائنل میچ جیت بھی سکتی تھی۔
پاکستانی اور بھارتی کھلاڑیوں کے مابین باہمی احترام
پاکستان کی فتح پر خوش 15 بھارتی مسلمانوں پر بغاوت کا مقدمہ
پاکستانی نے چیمپئنز ٹرافی جیت لی
بمراہ کی اس نو بال کے چرچے سوشل میڈیا پر تو بہت ہوئے لیکن بھارتی شہر جے پور کی ٹریفک پولیس نے بمراہ کی اسی نوبال کرانے والی ایک تصویر کو ٹویٹ کیا اور ساتھ لکھا تھا، ’’لکیر عبور مت کریں۔ آپ جانتے ہیں کہ یہ خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔‘‘ جے پور کی پولیس نے اس تصویر کا ایک بل بورڈ بھی بنا ڈالا تھا۔
اس پر بمراہ نے ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے ٹویٹس بھی کی تھیں۔ انہوں نے کہا تھا، ’’بہت خوب، جے پور پولیس۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ بہترین کارکردگی دکھانے کی کوشش کے بعد بھی آپ کی کتنی عزت کی جاتی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید لکھا تھا کہ وہ البتہ جے پور کی پولیس کی طرف سے کی جانے والی غلطیوں کو مذاق کا نشانہ نہیں بنائیں گے کیونکہ انہیں یقین ہے کہ انسانوں سے غلطیاں سرزد ہو جاتی ہیں۔ اس پر جے پور پولیس نے بمراہ سے معذرت کر لی تھی اور اپنی ٹویٹ بھی ڈیلیٹ کر دی تھی۔
جے پور پولیس نے اپنی ٹویٹس میں لکھا کہ پولیس کا مقصد بمراہ کا مذاق اڑانا ہر گز نہیں تھا بلکہ وہ تو صرف ٹریفک حادثات کے بارے میں شعور و آگہی پھیلانے کی کوشش میں تھی۔ محکمہ پولیس نے ساتھ ہی بمراہ کو نوجوانوں کا ایک آئیکون بھی قرار دیا تھا۔
ایسی اطلاعات بھی ہیں کہ پاکستانی شہر فیصل آباد کی ٹریفک پولیس نے بھی بمراہ کی اسی تصویر کو ٹریفک قوانین کی تشہیر کے لیے استعمال کیا ہے۔ بمراہ کی تصویر کے ساتھ ڈرائیوروں کو خبردار کیا گیا ہے کہ غلطی کتنی خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ اس امیج میں بمراہ کو بولنگ کے دوران کریز کی لائن عبور کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے اور ساتھ ہی دو کاریں زبیرا کراسنگ لائن سے پیچھے کھڑی دیکھی جا سکتی ہیں۔