1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بھارت: شہریت ترمیمی بل کے خلاف احتجاج شدید سے شدید تر

24 دسمبر 2019

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سمیت متعدد شہروں میں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ مسلسل جاری ہے جبکہ ان مظاہروں کے دوران پولیس کی فائرنگ میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد بیس سے بھی تجاوز کرگئی ہے۔

https://p.dw.com/p/3VIZW
تصویر: picture-alliance/Xinhua/J. Dar

نئی دہلی میں دانشوروں اور سماجی کارکنان نے جامعہ ملیہ کے طلبہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے منڈی ہاؤس سے جنتر منتر تک پیدل مارچ کا اعلان کیا تھا لیکن جب مظاہرین وہاں پہنچنا شروع ہوئے تو پولیس نے دفعہ 144 کا حوالہ دیتے ہوئے اس کی اجازت دینے سے منع کر دیا۔ بعد میں لوگ جنتر منتر پر جمع ہوئے جہاں شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف خوب نعرے بازی کی گئی اور انقلابی نظمیں پڑھی گئیں۔ اس میں سبھی برادریوں کے مرد و خواتین شامل تھے۔

ادھر ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلٰی ممتا بنرجی نے ریاستی دارالحکومت کولکتہ میں شہریت ترمیمی ایکٹ اور این آر سی کے خلاف ایک بڑے پیدل مارچ کی قیادت کی۔ ایک بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بنرجی نے کہا کہ جب تک وہ زندہ ہیں اس وقت تک ریاست مغربی بنگال میں شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی پر عمل نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا، ’’وزیر اعظم کہتے ہیں کہ این آر سی کی تجویز پر ابھی کوئی بات چيت نہیں ہوئی ہے۔ لیکن چند روز قبل ہی وزیر داخلہ امیت شاہ نے کہا تھا کہ این ار سی کو پورے ملک میں نافذ کیا جائے گا۔ دونوں بیانات میں تضاد ہے۔ وہ اصل میں تذبذب پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔‘‘

Indien Proteste gegen neues Staatsbürgerschaftsrecht
تصویر: picture-alliance/Pacific Press/S. Sen

جنوبی ریاست تامل ناڈو کے مختلف حصوں میں آج دوسرے روز بھی اس نئے قانون کے خلاف مظاہروں کا سلسلہ جاری رہا۔ گزشتہ روز اس ریاست میں بڑے پیمانے پر احتجاج ہوا تھا جس کی قیادت ریاستی رہنما اسٹالن کی تھی۔ اس میں کئی لاکھ لوگوں نے حصہ لیا تھا۔  

ادھر آج منگل 24 دسمبر کو پولیس نے کانگریس پارٹی کے سابق صدر راہول گاندھی  اور پارٹی کی جنرل سیکرٹری پریانکا گاندھی کو میرٹھ  میں داخل ہونے سے اس وقت روک دیا جب وہ مظاہروں میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے جار رہے تھے۔ ایک مقامی پولیس افسر اکھیلیش نارائن سنگھ  کا کہنا تھا کہ سکیورٹی اور امن و قانون کی صورت حال کے پیش نظر انھیں میرٹھ جانے سے منع کیا گيا ہے۔ بعد میں راہول گاندھی نے کہا کہ وہ جب اس گاؤں کے قریب پہنچے جہاں متاثرہ خاندان آباد ہے تو پولیس نے انھیں اچانک راستے میں روکا اور پھر واپس دہلی بھیج دیا۔

Indien Amit Shah Proteste gegen neues Staatsbürgerschaftsrecht Kommunisten
تصویر: picture-alliance/AP Photo/B. Das

شہریت ترمیمی قانون کے خلاف یوپی کے بیشتر شہروں میں پر تشدد مظاہرے ہوئے ہیں جس میں اب تک 15 افراد کی ہلاکت کی خبر ہے، جس میں سے سب سے زیادہ چھ میرٹھ میں ہلاک ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والے سبھی مسلم نوجوان ہیں جس میں بعض کم عمر کے بچے بھی شامل ہیں۔ ریاستی پولیس نے گزشتہ روز اس بات کی تصدیق کی تھی کہ پولیس فورسز نے فائرنگ کی تھی، اس سے پہلےتک وہ فائرنگ سے انکار کرتی رہی تھی۔  ریاست کے بیشتر شہروں میں اب بھی دفعہ 144 نافذ ہے اور لوگوں کے اجتماع پر پابندیاں عائد ہیں۔

مجموعی طور پر شہریت ترمیمی ایکٹ کے خلاف مظاہروں کے دوران ملکی کی سطح پر کم از کم 23 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اس دوران حکام نے بہت سی دکانوں کو اس الزام میں سربہمر کر دیا ہے کہ یہ لوگ تشدد میں ملوث تھے اور سرکاری املاک کے ن‍قصان کا ازالہ ان کی جائیداد نیلام کرکے کیا جائے گا۔

ڈی ڈبلیو کے ایڈیٹرز ہر صبح اپنی تازہ ترین خبریں اور چنیدہ رپورٹس اپنے پڑھنے والوں کو بھیجتے ہیں۔ آپ بھی یہاں کلک کر کے یہ نیوز لیٹر موصول کر سکتے ہیں۔