1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’بوم بوم‘ اور پاکستان کی جیت

عدنان اسحاق3 مارچ 2014

آل راؤنڈر شاہد آفریدی کی دھواں دار اننگز کی بدولت پاکستان ایشیا کپ کے ایک اہم میچ میں بھارت کو شکست دینے میں کامیاب ہو گیا۔ بھارت نے پہلے کھیلتے ہوئے پاکستان کو 245 رنز کا ہدف دیا تھا۔

https://p.dw.com/p/1BINg
تصویر: Dibyangshu Sarkar/AFP/Getty Images

بنگلہ دیش میں جاری ایشیا کپ کے دوران پاکستانی ٹیم کی یہ دوسری فتح تھی۔ میچ کے ایک انتہائی اہم موڑ پر شاہد آفریدی نے 18بالوں پر 34 رنز بنائے۔ میچ کے بعد آفریدی نے کہا کہ ایشیا کپ کے پہلے دو میچوں میں ان کی کارکردگی بہتر نہیں رہی اور اسی وجہ سے ان پر اس میچ کے حوالے سے دباؤ بہت زیادہ تھا،’’ مجھ سے بہت زیادہ توقعات وابستہ کی جا رہی تھیں اور سب کو اس میچ کی اہمیت کا بخوبی اندازہ تھا اور مجھے خوشی ہے کہ میں اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوا۔ ‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’ جب بھی ہم بھارت کے خلاف کھیلتے ہیں یہ ایک بہت اچھا موقع ہوتا ہے۔‘‘

میچ کا سب سے سنسنی خیر لمحہ آخری اوور تھا۔ چھ بالوں میں پاکستان کو جیتنے کے لیے دس رنز درکار تھے اور اوور کی پہلی ہی گیند پر روی چندر ن ایشون نے سعید اجمل کو بولڈ کر دیا۔ تاہم اس موقع پر آخری کھلاڑی جنید خان نے ایک رن بنا کر میچ آفریدی کے حوالے کر دیا۔ ایشون کی تیسری بال آفریدی نے باؤنڈری لائن سے باہر پھینک دی اور وقت ضائع کیے بغیر چوتھی بال پر بھی چھکا مار دیا۔ اس طرح پاکستان نے بھارت کو ایک وکٹ سے شکست دی۔ اس سے قبل پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں ہی سری لنکا سے ہار چکی ہیں اور دونوں ٹمیوں کا یہ تیسرا میچ تھا۔

Indien Cricket Ravindra Jadeja
رویندر جدیجہ نے ایک مشکل وقت میں نصف سنچری بنائیتصویر: Getty Images

پاکستان کی جانب سے اوپنر احمد شہزاد اور شرجیل خان نے اننگز کی اچھا شروعات کی اور پہلی وکٹ 71 رنز کے اسکور پر شرجیل کی گری۔ انہوں نے 25 رنز بنائے تھے۔ اس کے بعد احمد شہزاد 42 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ ایک ایسے موقع پر جب 113 رنز پر پاکستان کے 4 کھلاڑی آؤٹ ہو چکے تھے، محمد حفیظ اور صہیب مقصود کی 87 رنز کی پارٹنر شپ نے جیت کے لیے بنیاد رکھی۔ حفیظ 75 رنز بنا کر جبکہ مقصود 38 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی تھی۔ بھارت کی جانب سے سب سے زیادہ اسکور امباتی رائڈو نے کیا۔ انہوں نے 58 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے رویندر جدیجہ اور روہت شرما نے بھی نصف سنچریاں بنائیں جبکہ سب سے کامیاب بالر ایشون رہے ، جنہوں نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ دھونی کے زخمی ہونے کی وجہ سے ویراٹ کوہلی اس ٹورنامنٹ میں اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے ہیں۔

اس جیت کے ساتھ پاکستان نو پوائنٹس کے ساتھ سر فہرست ہے۔ دوسرے نمبر پر سری لنکا ہے، جس کے دو میچ کھیلنے کے بعد آٹھ پوائنٹس ہیں جبکہ بھارت چار پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ میزبان ٹیم بنگلہ دیش ابھی تک کسی بھی میچ میں کامیابی حاصل نہیں کر سکی ہے جبکہ افغانستان میزبان ٹیم کے خلاف اپنا میچ جیت کر چوتھے نمبر پر ہے۔ اس کامیابی سے پاکستان کی فائنل تک رسائی تقریباً ممکن ہو چکی ہے۔ اب اس کا آخری میچ بنگلہ دیش سے چار مارچ کو ہو گا۔