بنیادی جرمن قانون میرے لیے اس لیے ضروری ہے کہ۔۔۔۔
جرمن آئین یا بنیادی قانون جرمنی آنے والے نئے افراد کے لیے بالکل نیا ہوتا ہے۔ حالیہ دنوں میں جرمنی آنے والے مہاجرین اس بارے میں کیا سوچتے ہیں؟
لیلاس الاداخل اللہ (شام)
بنیادی جرمن قانون میرے لیے اس لیے اہم ہے کہ اس میں ہم جیسے مہاجرین کے حقوق کا دفاع بھی کیا گیا ہے۔ جرمنی میں ہمارے حقوق کا احترام کیا جاتا ہے۔ میں اٹھارہ سال کی ہوں اور میں گزشتہ ڈیڑھ سال سے جرمنی میں رہ رہی ہوں۔ میں اپنے والدین اور بھائیوں کے ساتھ دمشق سے ہجرت کر کے یہاں آئی تھی۔ یہاں کے حفاظتی انتظامات میرے لیے انتہائی اہم ہیں۔
آرش فلاحی (ایران)
انضمام کے کورس کے دوران مجھے پہلی مرتبہ بنیادی جرمن قانون کے بارے میں پڑھنے کا موقع ملا۔ ہم نے بنیادی انسانی حقوق پر بات کی۔ میں بہت متاثر ہوا کہ بچوں کے حقوق کو کتنی اہمیت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی مرد اور خواتین برابر ہیں۔ آمریت میں رہنے والے افراد کے لیے یہ سب کچھ بہت ہی خصوصی ہے۔ یہ یہاں پر موجود مذہبی تنوع کا بھی احترام کرتا ہے۔
آرزونایبی (افغانستان)
جرمنی میں جمہوریت ہے اور سب برابر ہیں۔ میرے ملک افغانستان میں حالات کچھ مختلف ہیں۔ وہاں پر صنفی مساوات تو سرے سے ہی موجود نہیں ہیں۔ تمام شہری تعلیم حاصل نہیں کر سکتے۔ بنیادی جرمن قانون ایک جانب تو کچھ پیچیدہ ہے۔ تمام نکات میری سمجھ سے بالا تر ہیں کیونکہ میرا تعلق ایک مختلف معاشرے سے ہے۔ دوسری جانب اس میں تمام شہریوں کے حقوق کی بات کی گئی ہے اور اس چیز کا میں احترام کرتی ہوں۔
حمودی الزنکی ( عراق)
ہر شخص کا اپنا وقار ہوتا ہے اور اس کا احترام کیا جانا لازمی ہے۔ اسی وجہ سے بنیادی جرمن قانون میرے لیے اہم ہے۔ یہ قانون کہتا ہے کہ انسانی وقار کی کسی بھی حالت میں نفی نہیں کی جا سکتی۔ آزادی اظہار اور مذہبی آزادی کے بغیر زندگی گزارنا آسان نہیں ہوتا۔ میرے لیے یہ بہت اہم ہے کہ اس ملک کے بنیادی قانون میں ان آزادیوں پر اتنا زور دیا گیا ہے۔
خورشید خالد ( شام)
میرے ملک میں سب برابر نہیں ہیں۔ وہاں پر فوجی افسران یا خفیہ ادارے کے اہلکار قانون سے بالاتر ہیں۔ خواتین اور مردوں کے ساتھ رویہ برابر نہیں ہے۔ بنیادی جرمن قانون میں وقار اور آزادی کی جو باتیں کی گئی ہیں وہ میرے لیے بہت ہی اہم ہیں۔ شام میں انقلاب کے لیے شروع کی جانے والی تحریک میں بھی شہریوں کے یہی مطالبے تھے۔ بنیادی جرمن قانون 1949ء میں ہی تیار کر لیا گیا تھا۔
ایہاب زعرورہ ( شام)
بنیادی جرمن قانون میرے لیے اس لیے اہم ہے کہ اس میں مجھے آزادی کی ضمانت دی گئی ہے اور میرے حقوق کا دفاع کیا گیا ہے۔ اس قانون کے تحت مختلف نسلوں، مذاہب اور ثقافتوں سے تعلق رکھنے والے افراد پر امن طریقے سے ایک ملک میں زندگی گزار سکتے ہیں۔ میرے لیے یہ اس لیے بھی ضروری ہے کیونکہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔