بنگلہ دیش میں ایک نامور حکومت مخالف طنز نگار گرفتار
11 دسمبر 2015جمعرات کی شب رفایت احمد کو بنگلہ دیش ریپڈ ایکشن بٹالین (RAB) کے افسروں نے انٹرنیٹ پر مضامین پوسٹ کرنے کے متنازعہ قانون کے تحت گرفتار کیا ہے۔ بنگلہ دیش کی اس ایلیٹ فورس کے ایک ترجمان میجر رومان محمد کے بقول،’’رفایت کو حکومت مخالف اشتعال انگیز متن فیس بُک پر پوسٹ کرنے کے سبب گرفتار کیا گیا ہے۔‘‘
ریپڈ ایکشن بٹالین نے رفایت احمد پر الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے فرضی نام سے ایک ایسے پیج جس کا بنگلہ میں نام ’’موجا لوُس‘‘ یا Are you making fun ہے، پر حکومت پر طنز کرنے اور اُس کا مزاق اُڑانے والے مضامین پوسٹ کیے ہیں۔ یہ پیج بنگلہ دیش کے قدامت پسند معاشرے میں بہت زیادہ مقبول ہوا ہے۔ خاص طور سے ملک میں بڑھتی ہوئی بدعنوانی اور امن عامہ کی ابتر صورتحال پر طنز اس پیج کا خاصہ ہے اور یہی وجہ ہے عوام میں اس کی بہت زیادہ مقبولیت ہے۔
اس فیس بُک پیج کے سات لاکھ فینز ہیں۔ اس پیج پر گزشتہ ماہ حکومت کی طرف سے فیس بُک، وائبر اور واٹس ایپ پر سکیورٹی وجوہات کی بنا پر پابندی عائد کرنے کے اعلان پر حکومت کا بہت مزاق اُڑایا تھا۔
جمعرات کو حکومت نے ان پابندیوں کو اُٹھانے کا اعلان کر دیا تھا۔ جبکہ پابندیوں کے دوران بھی بہت سے صارفین نے اس ناکہ بندی کو توڑنے کے لیے بڑے حربے استعمال کیے تھے اور اس میں وہ جزوی طور پر کامیاب بھی رہے تھے تاہم وائبر اور واٹس ایپ پر پابندی جاری تھی۔
ڈھاکہ حکومت اس بات سے خائف ہے کہ ان ایپس کو حکومت مخالف مظاہرے کرنے والوں کو مزید متحرک کرنے کے لیے بروئے کار لایا جا سکتا ہے۔ بڑی تعداد میں احتجاج کرنے والے یہ مظاہرین ملک میں مزید بد امنی پھیلا سکتے ہیں جو پہلے ہی سے مبینہ مسلم عسکریت پسندوں کے خون اور ہلاکت خیز حملوں کا نشانہ بنا ہوا ہے۔
موبائل ایپس پر پابندی بنیادی طور پر اُس وقت لگائی گئی تھی جب گزشتہ ماہ دو اپوزیشن لیڈروں کی طرف سے دائر کردہ اپیلیں مسترد کرتے ہوئے انہیں پھانسی کی سزا دے دی گئی تھی۔ اُن پر 1971 ء کی آزادی کی جنگ کے دوران جنگی جرائم کے مرتکب ہونے کا الزام عائد تھا۔
رفایت احمد پر انٹرنیٹ کے ناجائز اور غیر قانونی استعمال کے سبب پولیس نے ایک ابتدائی کیس درج کر لیا جس کے بعد انہیں ڈھاکہ کی ایک عدالت میں جمعے کو پیش ہونا تھا۔
بنگلہ دیش کے انٹر نیٹ ایکٹ کے تحت جو شخص بھی مذہبی عقائد کی توہین یا ریاستی قوانین کی خلاف ورزی یا لاء اینڈ آرڈر کو نقصان پہنچانے کے لیے جان بُوجھ کر اشتعال انگیز مواد شائع کرے گا، اُسے 14 سال تک کی قید کی سزا سنائی جا سکتی ہے۔
گزشتہ چند ماہ کے دوران اکثریتی مسلم آبادی والے اس جنوبی ایشیائی ملک میں متعدد نامور صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کو جیلوں میں ڈالنے کے لیے اس قانون کا سہار لیا جا چُکا ہے۔