بنڈس لیگا، ہیمبرگ کے خلاف بائرن میونخ کی شاندار فتح
21 اگست 2011گزشتہ سیزن میں ہیمبرگ کو چھ صفر سے شکست دینے والی بائرن میونخ کی ٹیم نے اس مرتبہ بھی سیزن کے آغاز پر ہیمبرگ کو بڑے فرق سے ہرایا۔ رواں برس مارچ سے اب تک ہونے والے دس مقابلوں میں ہیمبرگ کی ٹیم ایک میچ بھی جیتنے میں کامیاب نہیں ہوئی جبکہ گزشتہ تین میچوں میں اس کے خلاف دس گول ہوئے ہیں۔
کھیل کے 13 ویں منٹ میں بائرن میونخ کے کھلاڑی روبن نے گول کر کے اپنی ٹیم کو سبقت دلائی اور اس کے چار منٹ بعد ریبری مزید ایک گول کر دیا۔ کھیل کے 34 ویں منت میں روبن نے ایک اور گول کر کے کھیل پر اپنی ٹیم کی گرفت کو مضبوط بنا دیا۔
کھیل کے پہلے ہاف کے اختتام تک بائرن میونخ صفر کے مقابلے میں تین گولوں کی برتری لیے ہوئے تھی۔ کھیل کے 56 ویں منٹ میں گومیس نے بائرن میونخ کی طرف سے کھیل کا چوتھا جبکہ میچ کے اختتام سے دس منٹ قبل متبادل کھلاڑی Ivica Olic پانچواں گول کیا۔
اس فتح کے بعد بائرن میونخ کی ٹیم لیگ چارٹس میں دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ بائرن میونخ نے اب تک کھیلے گئے تین میچوں میں چھ پوائنٹس حاصل کیے ہیں۔ بائرن میونخ کو پچھلے میچ میں حیرت انگیز طور پر میونشن گلاڈ باخ نے شکست دے دی تھی۔ میونشن گلاڈباخ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس ٹیبل پر سات پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر براجمان ہے۔
ہفتے کے روز کھیلے گئے ایک اور میچ میں دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ نے نیورمبرگ کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دی۔ ڈورٹمنڈ کی ٹیم اس وقت پوائنٹس چارٹس پر چوتھی پوزیشن پر ہے۔ تاہم آج اتوار کے روز بنڈس لیگا کے نئے سیزن میں اب تک ناقابل شکست مائنز کی ٹیم شالکے کے مدمقابل آئے گی۔ اگر مائنز نے شالکے کو شکست دے دی، تو وہ بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر پہنچ جائے گی۔ کچھ یہی صورتحال ہینوور کی جیت کی صورت میں بھی ہو گی، جو آج ہیرتھا برلن کے مدمقابل آ رہی ہے۔کیونکہ مائنز اور ہینوور دونوں ہی کے پوائنٹس 6 ہیں اور انہیں اس میچ ڈے کا ایک ایک میچ کھیلنا ہے۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امتیاز احمد