بنڈس لیگا: بارہواں میچ ڈے مکمل
15 نومبر 2010بارہواں میچ ڈے دو تین ہفتے قبل تک بنڈس لیگا میں پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان رہنے والی ٹیم مائنز کے لئے کوئی بہتر ثابت نہیں ہوا۔ مائنز کی ٹیم بدستور تنزلی کے سفر میں ہے۔ پہلی سے دوسری اور اب وہ تیسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ اس میچ ڈے کے دوران اس کو لیورکوزن کلب سے ہارنا پڑا۔ لیورکوزن کی ٹیم اس جیت کے بعد دوسری پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔ دونوں کے پوائنٹس برابر ہیں لیکن لیورکوزن کی گول اوسط بہتر ہے۔ مائنز اور لیور کوزن کے کل پوائنٹس کی تعداد چوبیس چوبیس ہے۔
تیسری پوزیشن پر پہنچنے کی وجہ سے مائنز کی ٹیم یورپ کے سب سے معتبر فٹ بال ٹورنامنٹ چیمپیئنز لیگ کے لئے بھی کوالیفائی نہیں کر سکی۔ چیمپیئنز لیگ کے لئے پہلی اور دوسری پوزیشن کی ٹیموں یعنی ڈورٹمنڈ اور لیور کوزن نے کوالیفائی کیا ہے۔ مائنز کے ساتھ ساتھ چوتھی اور پانچویں پوزیشن کی ٹیمیں یعنی فرائی برگ اور فرینکفرٹ کی ٹیموں کو یورپ کے دوسرے بہترین ٹورنامنٹ یورپ لیگ میں کھیلنے کا موقع ملا ہے۔
دوسری جانب جرمنی کے ریکارڈ ساز فٹ بال کلب بائرن میونخ کی ترقی کا گراف اب بلند ہونا شروع ہو گیا ہے۔ بارہویں پوزیشن سے اب یہ کلب چھٹے مقام پر پہنچ گیا ہے۔ اس بات کی امید کی جا رہی ہے کہ اگلے دو تین ہفتوں کے دوران میونخ کی ٹیم مزید بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹاپ تھری ٹیموں کی صف میں شامل ہو جائے گی۔
ہوفن ہائم کی ٹیم، جو دو ہفتے پہلے چوتھی پوزیشن پر پہنچ گئی تھی، وہ بارہویں میچ ڈے کی تکمیل پر اب آٹھویں مقام پر ہے۔ گزشتہ سال درجہ دوم سے ٹاپ لیگ کے لئے کوالیفائی کرنے والی ٹیموں کائزرز لاؤٹرن، سینٹ پاؤلی اور نیورمبرگ کی ٹیموں کا گراف روبہ زوال ہے۔ پہلی دس ٹیموں میں صرف نیورمبرگ ہے اور وہ بھی دسویں مقام پر جبکہ بقیہ دونوں ٹیمیں اور بھی نیچے ہیں۔
جرمن بنڈس لیگا میں گزشتہ سالوں میں بہتر کارکردگی دکھانے والی ٹیم شالکے بدستور تنزلی کی سرحد پر ہے۔ اس کی پوزیشن سولہویں ہے۔ سترہویں اور اٹھارہویں مقام پر مؤنشن گلاڈ باخ اور کولون کی ٹیمیں ہیں۔ تیرہویں میچ ڈے کا آغاز بیس نومبر کو ہو گا اور تمام میچ ہفتہ اور اتوار کو کھیلے جائیں گے۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: مقبول ملک