بنڈس لیگا: بائرن میونخ بدستور سرفہرست
25 ستمبر 2011بنڈس لیگا کے ساتویں میچ ڈے کے دوسرے روز ہفتے کو بائرن میونخ نے بائر لیورکوزن کو صفر کے مقابلے میں تین گول سے شکست دی۔
اسی میچ ڈے کے سلسلے میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں شالکے نے فرائی برگ کو دو کے مقابلے میں چار گول سے ہرایا۔ دفاعی چیمپیئن ڈورٹمنڈ نے مائنز کے خلاف کھیلے گئے ایک میچ میں ایک کے مقابلے میں دو گول سے کامیابی حاصل کی۔
وولفس برگ نے کائزرزلاؤٹرن کو ایک صفر سے ہرایا ہے۔ مؤنشن گلاڈ باخ نے بھی نیوریمبرگ کو ایک صفر سے ہی مات دی ہے۔ آؤگس برگ اور ہینوور کا میچ صفر صفر سے برابر رہا ہے۔
قبل ازیں جمعے کو ساتویں میچ ڈے کے پہلے میچ میں ہیمبرگ نے اشٹٹ گارٹ کو ایک کے مقابلے میں دو گول سے پچھاڑا۔
اتوار کو اس میچ ڈے کے سلسلے میں دو آخری میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں ہوفن ہائیم کا سامنا کولون سے ہوگا جبکہ دوسرے میچ میں بریمن کی ٹیم ہیرتھا برلن کی ٹیم سے ٹکرائے گی۔
پوائنٹس ٹیبل:
اس وقت بنڈس لیگا کے پوائنٹس ٹیبل پر بائرن میونخ اٹھارہ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے اور کم از کم اگلے ہفتے تک وہ اس پوزیشن پر یقینی طور پر برقرار رہے گی۔
مؤنشن گلاڈ باخ سولہ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ بریمن تیرہ پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ہوفن ہائیم، شالکے اور ہینوور بارہ بارہ پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔
شٹٹ گارٹ، ڈورٹمنڈ، نیوریمبرگ اور لیور کوزن دس دس پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب ساتویں، آٹھویں، نویں اور دسویں نمبر پر ہیں۔ برلن نو پوائنٹس کے ساتھ گیارہویں جبکہ وولفس برگ اتنے ہی پوائنٹس کے ساتھ بارہویں نمبر پر ہے۔
اتوار کے میچز کے نتائج پوائنٹس ٹیبل پر پہلی کے علاوہ دیگر ٹاپ پوزیشنوں کو متاثر کر سکتے ہیں۔ بریمن اور ہوفن ہائیم کی ٹیمیں اپنے اپنے میچ جیت گئیں، تو تیسری اور چوتھی پوزیشنوں میں تبدیلی ہو سکتی ہیں۔ برلن کی ٹیم میچ جیت کر گیارہویں پوزیشن سے کم از کم ساتویں پوزیشن پر آ سکتی ہے جبکہ کولون کی ٹیم میچ جیت گئی تو وہ تیرہویں پوزیشن سے کم از کم دسویں پوزیشن پر آ جائے گی۔
رپورٹ: ندیم گِل
ادارت: عاطف توقیر