بنڈس لیگا، 33 واں میچ ڈے شروع
1 مئی 2010ڈورٹمنڈ کی ٹیم کا مقابلہ وولفس برگ سے ہوگا۔ لیورکوزن اور ہیرتھا کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ فرینکفرٹ اور ہوفن ہائم کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ بریمن کی ٹیم کو شالکے کا سامنا کرنا ہوگا۔ بائرن میونخ کی ٹیم بوخم کے مدمقابل ہو گی۔ ہینوور کو میونشن گلاڈباخ سے کھیلنا ہو گا۔ کولون کا مقابلہ فرائے برگ سے ہوگا۔ مائنز اور شٹٹ گارٹ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی جبکہ ہیمبرگ کا میچ نیورنبرگ سے ہوگا۔
لیگ کا صرف ایک میچ ڈے باقی بچا ہے اور اس وقت کی پوائنٹس پوزیشن کے مطابق بائرن میونخ 64 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ شالکے کی ٹیم کے پوائنٹس تو 64 ہی ہیں تاہم وہ گول اوسط کی بنیاد پر بائرن میونخ سے ایک درجہ نیچے ہے۔
چیمپیئنز لیگ فٹبال کے سیمی فائنل میں فرانسیسی کلب لیوں کو شکست سے دوچار کر کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے والے اس جرمن کلب کو بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر اپنی برتری قائم رکھنے کے لئے اب دونوں ہی میچ جیتنا ہوں گے۔ دوسری صورت میں شالکے کی ٹیم اس چارٹ میں پہلی پوزیشن پر آ سکتی ہے۔
بنڈس لیگا میں اب تک پوائنٹس کے اعتبار سے تیسرے نمبر پر بریمن کی ٹیم ہے، جس کے 57 پوائنٹس ہیں۔ اس ٹیم نے اب تک کھیلے گئے 32 میچوں میں سے 19 میں کامیابی حاصل کی جبکہ سات میں اُسے شکست کا سامنا کرنا پڑا، نو میچ برابری کی بنیاد پر ختم ہوئے۔ بنڈس لیگا پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا نمبر لیورکوزن کی ٹیم کا ہے، جس نے اب تک کھیلے گئے 32 میچوں میں سے 15 میں کامیابی حاصل کی، 12 برابر ہوئے اور پانچ میں اُسے شکست ہوئی۔
جرمن قومی فٹبال لیگ کے پوائنٹس چارٹ پر سب سے نیچے کی ٹیمیں ہیرتھا اور ہینوور ہیں۔ ان دونوں ٹیموں کے بالترتیب 27 اور 23 پوائنٹس ہیں اور یہ چارٹ میں 17ویں اور 18ویں نمبر پر ہیں۔
رپورٹ : عاطف توقیر
ادارت : امجد علی