1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

بس آتشزدگی، چین میں 47 افراد ہلاک

Afsar Awan8 جون 2013

چین کے جنوب مشرقی علاقے میں ایک مسافر بس میں آگ لگنے کے سبب درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ چین کے سرکاری میڈیا کےمطابق صوبہ فیوجیان کے ساحلی شہر ژیامن میں اس بس کو آگ جمعہ کی شام مصروف اوقات میں لگی۔

https://p.dw.com/p/18m52
تصویر: Reuters

شنہوا نیوز ایجنسی کے مطابق اس ایکسپریس بس میں آگ لگنے سے 47 افراد ہلاک جبکہ 30 سے زائد زخمی ہوئے۔ حکام کے مطابق اس حادثے کی ’ایک مجرمانہ واقعے‘ کے طور پر تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چند روز قبل ہی چین کے ایک پولٹری پلانٹ میں آتشزدگی کے باعث 120 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

چینی نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق بدقسمت بس میں آگ اس وقت لگی جب وہ زمین سے بلند بسوں کے لیے بنائے گئے خصوصی ٹریک یا مرتفع سڑک پر سفر کر رہی تھی۔ اس نیوز ایجنسی نے اس حادثے کی وجوہات پر کوئی روشنی نہیں ڈالی۔

رپورٹ کے مطابق چین کے جنوب مشرقی شہر میں ہونے والے اس واقعے کو حکام نے ابتدائی طور پر ایک ’سیریس کریمنل کیس‘ قرار دیتے ہوئے اس پر مزید تحقیقات کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔

چین کے شمال مشرقی علاقے میں ایک پولٹری پلانٹ میں آگ لگنے کے سبب 120 افراد ہلاک ہو گئے تھے
چین کے شمال مشرقی علاقے میں ایک پولٹری پلانٹ میں آگ لگنے کے سبب 120 افراد ہلاک ہو گئے تھےتصویر: AFP/Getty Images

رواں ہفتے کے آغاز میں چین کے شمال مشرقی علاقے میں ایک پولٹری پلانٹ میں آگ لگنے کے سبب 120 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ حکام کے مطابق اس پلانٹ پر سلامتی کے حوالے سے انتظامات شدید بے نظمی کا شکار تھے۔ اس حادثے کے بعد اس پلانٹ کے دو سینیئر ایگزیکٹیوز کو حراست میں بھی لیا گیا تھا۔

چین میں اس سے قبل بھی بسوں کو نشانہ بنایا جا چکا ہے۔ 2009ء میں ایک مسافر نے جنوب مغربی علاقے چینگ ڈو میں ایک چلتی بس میں پٹرول کو آگ لگا دی تھی جس کی وجہ سے 27 افراد ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو گئے تھے۔ اُسی برس شنگھائی کے قریبی شہر ووکشی میں ایک شٹل بس میں آتشزدگی کے سبب 24 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

2005ء میں پھیپھڑوں کے کیسنر میں مبتلا ایک شخص نے گھریلو طور پر تیار کردہ بم ایک بس میں دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ ملک کے جنوب مشرقی علاقے میں ہونے والے اس خودکش حملے میں 31 افراد زخمی ہوئے تھے۔

aba/as (Reuters)