برلن فلم فیسٹیول پوری آب و تاب میں
9 فروری 2017’جنگو رائن ہارڈٹ‘ جپسی جاز گلوکار تھے اور یہ فلم نازیوں کے ہاتھوں ان کے خاندان پر ریاستی ستم کی ایک غیرمعروف کہانی پر مبنی ہے۔
یہ فرانسیسی پروڈکشن ان اٹھارہ دیگر فلموں میں شامل ہے، جو اس فلم فیسٹیول کے ’گولڈن بیئر‘ ایوارڈ کی دوڑ میں شامل ہیں۔ ہالی وڈ کے ہدایات کار پاؤل ویرہوون کی قیادت میں برلینالے کی جیوری ان ایوارڈز کا اعلان 18 فروری کو کرے گی۔
ایٹین کومر، اسکرین پلے اور پیش کار کے طور پر جانے جاتے ہیں، مگر ’جنگو‘ بہ طور ہدایت کار ان کی پہلی تخلیق ہے۔ کومر اس سے قبل آف گاڈز اینڈ مین‘ اور ’مائی کنگ‘ کے اسکرین رائٹر کے بہ طور کام کر چکے ہیں، جب کہ شدت پسند اسلامی سوچ سے متعلق فلم ’ٹمبکٹو‘ میں انہوں نے معاون پیش کار کی حیثیت سے کام کیا تھا۔
اپنی دلکش موسیقی سے پہچانے جانے والے رائن ہارڈٹ کا تعلق جرمنی میں بسنے والی جپسی اقلیت سے تھا، تاہم ان کے خلاف نازیوں کے مظالم کے باعث سن 1943ء میں رائن ہارڈٹ کو جرمنی کے زیر قبضہ پیرس سے فرار ہونا پڑا۔
فیسٹیول کے ڈائریکٹر ڈیِٹر کوسلِک نے اس فلم کو ’بچ جانے والوں کی بڑی داستان‘ قرار دیا ہے۔ اس کہانی میں ایک ایسے شخص کی منظرکشی کی گئی ہے، جس نے اپنی دنیا خود بنائی اور اس کے لیے اس نے موسیقی کا سہارا لیا۔ رائن ہارڈٹ کی موسیقی اتنی دلکش ہے، جو یہ تک بھلا دیتی ہے کہ رائن ہارڈٹ کیسے حالات میں پیدا ہوئے۔
اس فلم فیسٹیول میں مختلف یورپی فلموں کے علاوہ اس بار برازیل، جنوبی کوریا، چین اور سینیگال کی فلمیں بھی شامل کی گئی ہیں۔
برلینالے میں ہالی وڈ اداکار اسٹینلی ٹکی ایک سوئس فن کار البیرٹو گیاکومیٹی کی زندگی پر بنائی گئی فلم ’فائنل پورٹریٹ‘ کے ساتھ برلینالے میں شریک ہو رہے ہیں۔ اس فلم میں آسکر ایوارڈ یافتہ آسٹریلوی اداکارگوفری رش نے اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔