برقی سفر انتہائی ماحول دوست؟
ای سکوٹر، ہاوَربورڈ یا کلاسیک ای بائیک، اگر آپ ماحول دوست ذرائع آمدورفت استعمال کرنا چاہیں تو بے شمار متبادل موجود ہیں۔ لیکن یہ مسائل سے خالی بھی نہیں۔
اسکول کی پرانی سائیکل
کچھ عرصہ قبل تک آپ جب بھی باہر گھومنے جانا چاہتے تو روایتی سائیکل ایک بہترین ساتھی ہوتی تھی۔ لیکن آج کل برقی سائیکلیں عام ہو چکی ہیں۔ یہ ای۔ سائیکلیں آپ کو زیادہ جسمانی مشقت پر مجبور بھی نہیں کرتیں۔ یہ برقی سائیکلیں یا سکوٹرز اتنے زیادہ ماحول دوست بھی نہیں جتنا آپ سمجھتے ہیں۔ اس کے علاوہ ان کے استعمال میں کچھ دیگر مسائل بھی درپیش آ سکتے ہیں۔
الیکٹرو کلاسیک
ای۔ بائیک غالبا روایتی سائیکل کا بہترین نعم العبدل ہے۔ اس میں نصب بیٹری موٹر سائیکل سوار کو زیادہ کنٹرول فراہم کرتی ہے۔ لیکن ایک مسئلہ ہے۔ برقی سائیکل چلانے میں زیادہ توانائی کی ضرورت نہیں، اس لیے معمر افراد اس میں زیادہ دلچسپی لیتے ہیں۔ ایسے بزرگ عمومی طور پر زیادہ ٹریفک میں سائیکل چلانے کے عادی نہیں ہوتے، اس لیے ان کے حادثات کا شکار ہونے کے امکانات زیادہ ہوتے ہیں۔
بیٹری کے مسائل
الیکٹرک بائیسکل کا ایک اور مسئلہ اس کی بیٹری ہے۔ اس کی تیاری کے لیے بہت زیادہ قدرتی وسائل کی ضرورت ہوتی ہے۔ ان برقی سائیکلوں میں لیتھیئم کی ری چارج ایبل بیٹریاں استعمال کی جاتی ہیں۔ لیتھیئم کا حصول آسان نہیں اور یہ جلد ختم ہو جانے والا میٹریل ہے۔ سن 2018 کی ایک اسٹڈی کے مطابق دنیا بھر میں لیتھیئم کے تقریبا 53.8 ٹن ذخائر باقی بچے ہیں۔
توانائی کی بڑھتی طلب
بجلی سے چلنے والی ٹرانسپورٹ C02 کے اخراج کا سبب نہیں لیکن ای بائیسکل کی بیٹری کو مسلسل چارج کی ضرورت رہتی ہے۔ اسی طرح بجلی سے چلنے والے سکوٹرز، اسکیٹ بورڈز اور ہاوَر بورڈز کی بیٹریاں بھی چارج کرنا پڑتی ہیں۔ اس لیے توانائی کی طلب بڑھتی جا رہی ہے اور یہ بجلی صرف متبادل ذرائع سے حاصل کرنا ممکن نظر نہیں آتا۔
نئے آئیڈیاز اور متبادل بیٹریاں
چارج کرنے والی بیٹریوں کی تعداد بڑھتی جائے گی۔ اس لیے کچھ کمپنیوں نے نئے ’ای گیجٹ‘ متعارف کرا دیے ہیں۔ ای۔ سائیکلوں کے علاوہ اب ’ای۔ یونی سائیکلز‘ بھی دستیاب ہیں۔ پیڈل نہیں چلانا؟ تو ہاوَر بورڈ بھی مارکیٹ میں موجود ہے۔
بچپن کی یاد، ای سکوٹر
ای سکوٹرز دکھنے میں ویسے ہی ہیں، جیسا کہ کوئی عام سا سکوٹر ہوتا ہے۔ اس نئے سکوٹر کو دوڑ دوڑ کر چلانے کی ضرورت نہیں بلکہ اس میں بیٹری نصب ہے۔ یہ بہت زیادہ ماحول دوست ہے۔ اکثر لوگ اب چھوٹے موٹے سفر کی خاطر پبلک ٹرانسپورٹ کے بجائے اسے استعمال کرنے لگے ہیں۔
اجازت نامے کی ضرورت
کچھ عرصہ قبل جرمنی میں ای سکوٹر سڑکوں پر چلانا غیر قانونی تھا۔ سن 2019 میں اس کی اجازت تو دے دی گئی ہے لیکن اسے سڑک پر نکالنے کی خاطر متعلقہ حکام سے باقاعدہ اجازت نامے کی ضرورت پڑتی ہے۔ اب اسے سائیکل پاتھ پر چلایا جا سکتا ہے لیکن اس کی زیادہ سے زیادہ اسپیڈ بیس کلو میٹر فی گھنٹہ سے زیادہ نہیں ہونا چاہیے۔