بحرين ميں شيعہ اپوزيشن رہنما کو عمر قيد کی سزا
4 نومبر 2018بحرين ميں کالعدم شيعہ اپوزيشن تحريک الوفاق کے سربراہ شيخ علی سلمان کو عمر قيد کی سزا سنا دی گئی ہے۔ انہيں يہ سزا حريف رياست قطر کے ليے جاسوسی کرنے کے الزام ميں سنائی گئی۔ عدليہ کے ايک ذريعے کے مطابق سزا کا فيصلہ عدالتی فيصلوں کے خلاف اپيل کی درخواست پر نظر ثانی کرنے والی ايک عدالت نے اتوار چار نومبر کے روز سنايا۔
سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بحرين نے بھی سن 2017 ميں قطر کے ساتھ سفارتی تعلقات منقطع کر ليے تھے۔ ان ممالک نے قطر پر الزام عائد کيا تھا کہ وہ علاقائی شيعہ قوت ايران اور خطے کے چند شدت پسند گروپوں کے ساتھ تعلقات و تعاون جاری رکھے ہوئے ہے۔ نتيجتاً ان ممالک نے اپنے شہريوں کے قطر سفر کرنے پر بھی پابندی عائد کر دی تھی۔
شيخ علی سلمان پر الزام تھا کہ انہوں نے بحرين کی حکومت کا تختہ الٹنے کے ليے قطری انٹيليجنس کے ساتھ مل کر کام کيا تھا۔ ان کے علاوہ يہ الزام دو ديگر افراد پر بھی لگايا گيا تھا۔ شيخ علی سلمان اس وقت ايک اور جرم ميں بھی چار برس کی قيد کاٹ رہے ہيں۔ انہيں يہ سزا بحرين ميں نفرت پھیلانے پر سنائی گئی تھی۔
در اصل سن 2011 سے بحرين ميں شيعہ مسلمانوں کے مظاہرے اور وقفے وقفے سے بد امنی جاری ہيں۔ شاہ حماد نے اس ماہ چوبيس تاريخ کو پارليمانی انتخابات کا اعلان کر رکھا ہے۔ سيکولر الاوحاد گروپ اور الوفاق نامی شيعہ تحريک کے ارکان پر اليکشن ميں شرکت پر پابندی عائد ہے۔ علاوہ ازيں اس دوران متعدد ديگر اپوزيشن گروپوں اور تحريکوں کو کچلا جا چکا ہے اور ان کی قيادت جيلوں ميں ہے۔
بحرين ميں پچھلے سال ايک آئينی ترميم کے تحت فوجی عدالتوں کو يہ اختيار ديا گيا تھا کہ وہ دہشت گردی کے الزامات کا سامنا کرنے والے شہريوں کے مقدمات کی سماعت کر سکے۔
بحرين امريکا کا ايک اہم اتحادی ملک ہے۔ حکومت اپنے ملک ميں بد امنی کا الزام ايران پر عائد کرتی ہے جبکہ تہران اس کی ترديد کرتا ہے۔ اقوام متحدہ اور ايمنسٹی انٹرنيشنل نے بحرين ميں اپوزيشن کے مظاہروں اور سرگرميوں کے خلاف کريک ڈاؤن پر تنقيد کی ہے۔ يہ ادارے سلمان جيسے رہنماؤں کو سياسی قيدی قرار ديتے ہيں۔
ع س / ا ا، نيوز ايجنسياں