باون سال بعد چلی بھارت بنگلہ دیش دوستی ٹرین
بھارت کے وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی بنگلہ دیشی ہم منصب شیخ حسینہ واجد نے اپنے بھارتی دورے کے دوران کلکتہ کھلنا دوستی ٹرین کو ہری جھنڈی دکھائی۔ اس دوستی ٹرین کا نام ’میتری 2‘ رکھا گیا ہے۔
میتری 2
فی الحال تجرباتی طور پر چلائی گئی ’میتری 2‘ نامی اس ٹرین کی دونوں ممالک کے درمیان آمد و رفت کا باقاعدہ آغاز رواں برس جولائی سے ہو گا۔ ٹرین کی روانگی کے وقت موجود لوگوں نے اس کی ویڈیوز اور تصاویر بنائیں۔
ٹرین دیکھنے کا شوق
اس ٹرین کو بھارت اور بنگلہ دیش کے درمیان نقل و حمل کے نظام کی مشکلات کم کرنے میں ایک اہم ذریعے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ خواتین بچوں اور دور دراز کے دیہات سے آنے والے افراد بنگلہ دیش کی سرحد کے ساتھ پہلے بھارتی اسٹیشن پر اس ٹرین کو دیکھنے کے لیے کئی گھنٹے پہلے ہی جمع ہو گئے تھے۔
پھولوں سے استقبال
بنگلہ دیش کے شہر کھلنا سے بھارت آنے والی یہ ٹرین اپنے ساتھ پرانی یادیں بھی لے کر آئی۔ بھارتی اسٹیشن پترا پول پر مقامی رہائشیوں نے ٹرین کا پھولوں سے استقبال کیا۔
بھارت بنگلہ دیش دوستی
ٹرین کو بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی اور اُن کی بنگلہ دیشی ہم منصب حسینہ واجد کی تصاویر سے سجایا گیا تھا۔ ٹرین کے انجن پر لگے ایک بڑے بینر پر بھارت اور بنگلہ دیش کی دوستی کا ذکر کیا گیا تھا۔
باون سال بعد
سرحد کے اس پار سے باون سال بعد پہلی ٹرین اس لائن پر چلی۔ برصغیر کی تقسیم سے قبل اس راستے پر ٹرین چلا کرتی تھی تاہم سن 1965 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کے دوران اسے بند کر دیا گیا تھا۔
اندرونی آرائش
اس ٹریک پر آنے والی آخری ٹرین کا انجن کوئلے سے چلتا تھا جبکہ نئی دوستی ٹرین کا انجن ڈیزل سے رفتار پکڑتا ہے۔ تاہم اس کی اندرونی آرائش بھارت کی دوسری دوستی ٹرین جیسی ہی رکھی گئی ہے۔
بھارت آمد
میتری 2 نامی اس ٹرین کے بنگلہ دیش سے بھارت پہنچنے پر اِس ٹرین پر آئے بنگلہ دیشی وفد کا بھارتی ریلوے کے اہلکاروں نے پھولوں کے گلدستوں سے استقبال کیا۔