ایک اطالوی گاؤں میں لاپتہ نیا کروڑ پتی
20 اگست 2010اٹلی میں Pisa اور Parma کے درمیانی علاقے میں Apenin نامی پہاڑ کے دامن میں بآن یَونے نامی اس گاؤں میں ہر کسی کو جس شخص کی تلاش ہے، وہ گزشتہ ایک سال سے کسی کو نہیں ملا، حالانکہ وہ وہیں رہتا ہے مگر اپنی شناخت کرائے بغیر۔
2009ء میں صرف 200 نفوس پر مشتمل یہ چھوٹا سا گاؤں اٹلی کے لاٹری ولیج کے طور پر دنیا بھر میں مشہور ہو گیا تھا۔ تب صرف دو یورو کا ٹکٹ خرید کر اسی گاؤں کے ایک باسی نے اٹلی میں لاٹری کی تاریخ کا سب سے بڑا جیک پاٹ جیتا تھا۔ اس انعام کی مالیت 148 ملین یورو تھی۔ لیکن مسئلہ یہ ہے کہ اس گاؤں میں آج تک کسی کو یہ علم ہی نہیں کہ دو یورو کے لاٹری ٹکٹ کے بدلے 148 ملین یورو آخر جیتے کس نے؟
یہ واقعہ اس گاؤں میں وَنی سِیمونَیٹی اور اس کی بیوی آنا ماریا کی ملکیت ایک کیفے میں پیش آیا تھا۔ اس کیفے کے مالک سِیمونَیٹی ایک سال پہلے کے واقعات یاد کرتے ہوئے کہتے ہیں: ’’ہم ہمیشہ کی طرح ٹیلی وژن پر دیکھ رہے تھے کہ قرعہ اندازی میں کون کون سے نمبر نکلے ہیں۔ پھر یکدم یہ خبر آئی کہ لاٹری کی ریکارڈ حد تک زیادہ یہ رقم Masa Carrara نامی صوبے کے ایک شہری نے جیتی ہے۔ پھر ٹیلی فون بجنا شروع ہوا۔ پانچ منٹ بعد یہ کیفے مقامی لوگوں سے کھچا کھچ بھر گیا۔ اس کے بعد تو کئی روز تک یہی گاؤں صحافیوں کی توجہ کا مرکز بھی بنا رہا۔‘‘
اس لاٹری کے نکالے جانے سے کچھ ہی دیر پہلے کئی لوگوں نے یہ لاٹری اسی کیفے میں نصب ایک آن لائن مشین کے ذریعے کھیلی تھی۔ یہ بات بھی طے ہے کہ جیتنے والا انہی میں سے ایک ہے۔ لیکن وہ کون ہے، اس کا نہ تو کسی کو علم ہے اور نہ ہے کوئی یہ اعتراف کرتا ہے کہ یہ لاٹری اُس نے جیتی ہے۔
کیفے کا مالک وَنی آج بھی اپنے گاہکوں کی پہلے جیسی خندہ پیشانی سے خدمت کرتا ہے، وہ ساری خریداری بھی خود ہی کرتا ہے اور اپنے دوستوں کو بھی پہلے جتنا ہی وقت دیتا ہے۔ اس کی بیوی آنا ماریا بھی ہمیشہ کی طرح باورچی خانے میں کام کرتی ہے۔ لیکن کئی ہمسایوں کا خیال ہے کہ 148 ملین یورو کا جیک پاٹ وَنی سِیمونَیٹی ہی نے جیتا ہے۔
اس کے برعکس محکمہء جنگلات کے مقامی ملازم آندریا کو یقین ہے کہ یہ لاٹری جیک پاٹ گاؤں کے ایک دکاندار نے جیتا ہے۔ مقامی پوسٹ آفس کے سربراہ اینرِیکو کا کہنا ہے کہ 148 ملین یورو کیفے کے مالک وَنی یا محکمہ جنگلات کے ملازم آندریا نے جیتے ہیں۔ تاہم یہ بات اس لئے غلط ہو سکتی ہے کہ وَنی سِیمونَیٹی کے بقول یہ جیک پاٹ شاید پوسٹ آفس کے سربراہ اَینرِیکو نے جیتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ پچھلے ایک سال سے اس اطالوی گاؤں میں کسی ایک مقامی باشندے کے پاس اپنی باقی ماندہ املاک کے علاوہ 148 ملین یورو بھی ہیں۔ لیکن وہ کون ہے؟ یہ بات تاحال نہ تو اس گاؤں کے لوگوں کےعلم میں ہے اور نہ ہی ابھی تک اطالوی میڈیا اس راز سے پردہ اٹھا سکا ہے۔
رپورٹ: مقبول ملک
ادارت : عدنان اسحاق