1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اینجلینا جولی کی عراق میں شامی مہاجرین سے ملاقات

17 جون 2018

ہالی وُڈ سٹار اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین کی خیرسگالی سفیر اینجلینا جولی نے شمالی عراق میں شامی مہاجرین کے ایک کیمپ کا دورہ کیا، مقصد جنگ کے باعث بےگھر ہونے والے شامیوں کی مدد کے دائرہ کار کو وسعت دینا تھا۔

https://p.dw.com/p/2zjL6
Irak Angelina Jolie Mosul in Mossul
تصویر: Reuters/A. McConnell/UNHCR

ہالی وُڈ کی اس اداکارہ نے دومیز نامی مہاجر کیمپ کا دورہ آج اتوار سترہ جون کو کیا۔ اس کیمپ میں قریب تیس ہزار شامی مہاجرین مقیم ہیں۔ اقوام متحدہ کے ایک اہلکار کے مطابق اینجلینا جولی اس کیمپ میں اتوار کی صبح پہنچیں، جہاں انہوں نے شامی پناہ گزینوں کے کئی خاندانوں سے ملاقات کی۔

ایک روز قبل جولی نے عراق کے ایک بڑے شمالی شہر موصل کا دورہ بھی کیا تھا۔ موصل کا کنٹرول عراقی افواج نے جہادی گروپ ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے واپس لے لیا تھا۔

’اسلامک اسٹیٹ‘ یا داعش کے عسکریت پسندوں نے اس شہر کو تین برس تک اپنے قبضے میں لیے رکھا تھا۔ ان شدت پسندوں کی عراقی دستوں کے ساتھ طویل لڑائی میں قریب نو لاکھ مقامی شہریوں کو بےگھر ہونا پڑا تھا۔

Irak Angelina Jolie Mosul in Mossul
تصویر: Reuters/A. McConnell/UNHCR

مہاجرین سے متعلقہ امور کے لیے اقوام متحدہ کی خصوصی خیرسگالی سفیر اینجیلنا جولی نے مغربی موصل سے تعلق رکھنے والے چند خاندانوں سے ملاقات بھی کی تھی اور اس دوران وہ اس تباہ شدہ عراقی شہر کی گلیوں سے بھی گزری تھی‍ں۔

موصل پر عراقی فورسز کا کنٹرول بحال ہونے کے بعد سے اس شہر کے کچھ علاقوں میں زندگی واپس معمول کی جانب لوٹ رہی ہے اور آس پاس کے مہاجر کیمپوں میں رہنے والے پناہ گزین بھی اب اپنے گھروں کو واپس آنے لگے ہیں۔

اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ایک بیان میں اینجلینا جولی نے کہا، ’’یو این ایچ سی آر کے ساتھ کام کرتے ہوئے اب تک میں نے اس سے بد ترین تباہی نہیں دیکھی۔ یہاں موجود لوگ اپنا سب کچھ کھو چکے ہیں۔‘‘

Irak Angelina Jolie Mosul in Mossul
تصویر: Reuters/A. McConnell/UNHCR

انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا، ’’یہ لوگ محروم ہیں۔ ان کے پاس نہ تو اپنے بیمار بچوں کے علاج کے لیے کوئی دوا ہے اور نہ ہی بنیادی ضروریات پوری کرنے کے لیے پانی جیسی کوئی سہولت۔ مجھے امید ہے کہ عالمی برادری اس شہر کی ازسرنو تعمیر اور استحکام کی ضمانت دے گی۔‘‘

اینجلینا جولی عالمی ادارہ برائے مہاجرین کے لیے سن 2001 سے کام کر رہی ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے اب تک عراق سے لے کر کمبوڈیا اور کینیا تک بے گھر افراد سے ملاقاتیں کی ہیں۔ یو این ایچ سی آر کے مطابق ہالی وُڈ کی اس معروف اداکارہ کا عراق کا یہ مجموعی طور پر پانچواں دورہ ہے۔

ص ح/ م م/ روئٹرز