1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایمی ایوارڈز، میلہ ’گیم آف تھرونز‘ نے لوٹ لیا

عابد حسین19 ستمبر 2016

ایمی ایوارڈز کی تقریب گزشتہ رات امریکی شہر لاس اینجلس میں منعقد ہوئی۔ ماورائی کرداروں پر مشتمل ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ نے سب سے زیادہ ایوارڈز جیتے۔ اِس سیریز کو ایک درجن ایوارڈز حاصل ہوئے۔

https://p.dw.com/p/1K4nl
امریکی ناول نگار جورج مارٹن اور گیم آف تھرونز کی ایوارڈز یافتہ ٹیمتصویر: picture-alliance/AP Photo/Invision/C. Pizzello

فینٹسی ڈرامہ سیریز ’گیم آف تھرونز‘ نے اتوار کی شام ایمی ایوارڈز کی تاریخ میں ایک نئے باب کا اضافہ کر دیا۔ گزشتہ شام ایک درجن مزید ایوارڈز جیت کر اِس طلسماتی و ماورائی کرداروں کی حامل سیریز نے مجموعی ایمی ایوارڈز کی تعداد اڑتیس کر لی ہے۔ اس سے قبل سب سے زیادہ ایمی جیتنے کا اعزاز ’فریزیئرز‘ نامی سیریز کو حاصل تھا۔ اِس نے سینتیس ایوارڈ جیت رکھے ہیں۔ ’گیم آف تھرونز‘ ڈرامہ سیریز ایچ بی او کے لیے تیار کی جا رہی ہے۔

USA Los Angeles Emmy Verleihung Julia Louis-Dreyfus beste Hauptdarstellerin in Comedy-Serie
ہدایت کارہ و اداکارہ جولیا لوئیس ڈریفستصویر: Reuters/M. Blake

ایمی ایوارڈز کو ٹیلی وژن کا آسکر قرار دیا جاتا ہے۔ گزشتہ دو تین برسوں سے ’گیم آف تھرونز‘ نے ٹیلی وژن ناظرین کو اپنی گرفت میں لے رکھا ہے۔ رواں برس کے لیے اِس ڈرامہ سیریز کو کم از کم تیئیس نامزدگیاں حاصل ہوئی تھیں اور ان نامزدگیوں میں سے بارہ ایوارڈز جیتنے میں یہ سیریز کامیاب رہی۔ اِس مرتبہ ’گیم آف تھرونز‘ کو ’مسٹر روبوٹ‘ اور ڈرامہ سیریز ’ہاؤس آف کارڈز‘ کی جانب سے سخت مقابلے کا سامنا تھا۔

’گیم آف تھرونز‘کے ہدیت کار نے ایک درجن ایوارڈز جیتنے کے بعد کہا کہ وہ اور اُن کی ٹیم یہ اعزاز حاصل کرنے میں اس وجہ سے کامیاب ہوئے ہیں کیونکہ جورج مارٹن نے اِس ڈرامے کے لیے ماحول اور کرداروں کو تخلیق کیا ہے۔ جورج ریمنڈ مارٹن امریکی ناول نگار ہیں اور انہی کی تخلیق کردہ ناول سیریز ’ اے سانگ آف آئس اینڈ فائر‘ پر ٹیلی ڈرامہ سیریل ’گیم آف تھرونز‘ مبنی ہے۔

USA Los Angeles Emmy Verleihung Rami Malek
اداکارہ تاتایانا ماسالینی ایوارڈ کی تقریب میںتصویر: Reuters/L. Nicholson

’ اے سانگ آف آئس اینڈ فائر‘ ماورائی کرداروں پر مشتمل طویل ناولوں کا ایک سلسلہ ہے۔ یہ کردار جادو اور دوسری طلسماتی قوتوں کے ذریعے غیرمعمولی حالات پیدا کرنے کے علاوہ مختلف کام کرنے کی مہارت رکھتے ہیں۔ اس کے پانچ حصے شائع کیے جا چکے ہیں۔ چھٹے اور ساتویں حصوں پر جورج مارٹن کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔۔ ایوارڈز کی تقریب میں جورج مارٹن بھی موجود تھے

ایک اور مقبول ڈرامہ سیریز ’پیپلز بمقابلہ او جے سمپسن‘ کو نو ایوارڈز دیے گئے۔ اِس ٹیلی وژن ڈرامہ سیریل میں او جے سمپسن پر دوہرے قتل کے مقدمے کی عدالتی شنوائی کو سمویا گیا تھا۔ اسی تناظر میں مبصرین کا کہنا ہے کہ حقیقی جرائم پر مبنی ڈرامہ سیریز کو عوامی پذیرائی حاصل ہوتی ہے اور او جے سمپسن کو نو عدد ایوارڈز کا ملنا اِسی تناظر میں ہے۔

ایمی ایوارڈز کی تقریب میں رواں برس کی صدارتی مہم کے تناظر میں لکھی گئی طنزیہ سیریز ’ویپ‘ کو بھی پانچ ایوارڈز ملے۔ تقریب میں اپنے ایوارڈز وصول کرنے کے بعد ہدایت کارہ و اداکارہ جولیا لوئیس ڈریفس نے عوام اور سیاستدانوں سے کسی تلخ نوائی پر معذرت بھی کی۔ بھارت نژاد امریکی ادیب عزیز انصاری کو ’ماسٹر آف نَن‘ سیریز کا لکھاری ہونے کا ایوارڈ دیا گیا ۔ وہ اور ایلن یانگ اِس سیریز کے مشترکہ مصنف ہیں۔