1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

ایبولا زدہ ملکوں کو سفری پابندیوں سے آزاد کرنے پر اتفاق

ندیم گِل29 اگست 2014

مغربی افریقی وزرائے صحت ایبولا سے متاثر ملکوں پر حفظ ماتقدم کے طور پر عائد کی گئی سفری پابندیاں اٹھانے پر متفق ہو گئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/1D3Qh
تصویر: Reuters

ان کا یہ اتفاقِ رائے ایسے وقت سامنے آیا ہے جب عالمی ادارہ صحت نے اس جان لیوا وائرس کے بارے میں نئے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

مغربی افریقی ملکوں کے وزرائے صحت کا ایک اجلاس جمعرات کو گھانا میں منعقد ہوا۔ اس موقع پر انہوں نے متاثرہ ملکوں کی صورتِ حال پر غور کیا۔

وزراء نے اتفاق کیا کہ متاثرہ ملکوں پر عائد سفری پابندیاں اٹھا لی جانی چاہییں۔ خیال رہے کہ عالمی ادارہ صحت ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) بھی ان پابندیوں کو امدادی کارروائیوں کی راہ میں رکاوٹ قرار دے چکی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے جمعرات کو یہ انتباہ بھی جاری کیا ہے کہ ایبولا وائرس تیزی سے پھیل رہا ہے۔ اس ادارے کا کہنا ہے کہ اس وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد چھ گنا بڑھ کر بیس ہزار تک پہنچ سکتی ہے۔ ڈبلیو ایچ او کے حکام کے مطابق اس وائرس پر قابو پانے کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جا رہے اور سائنسدان اس مرض کا علاج ڈھونڈنے کے لیے دِن رات کوشش کر رہے ہیں۔

Sierra Leon Ebola Beerdigung Opfer 14.08.2014
ایبولا کم ازکم ایک ہزار پانچ سو پچاس افراد کی جان لے چکا ہےتصویر: AFP/Getty Images

ایبولا وائرس کی وبا کے نتیجے میں اب تک کم ازکم ایک ہزار پانچ سو پچاس افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ تین ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

خیال رہے کہ ایبولا لاعلاج ہے۔ تاہم ایک تجرباتی دوا ZMappسامنے آئی ہے جس کی محض پانچ خوراکیں ہی دستیاب تھیں جو چھ متاثرین کو دی گئی ہیں۔ ان میں سے دو امریکی طبی کارکن تھے جو صحت یاب ہو چکے ہیں، تین افریقی ڈاکٹروں کی حالت بہتر ہو رہی ہے جبکہ اسپین کے ایک مسیحی رہنما کی موت واقع ہو چکی ہے۔

ڈبلیو ایچ او نے گزشتہ ہفتے ایبولا کی لاعلاج نوعیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس وائرس سے متاثرہ بعض لوگ گھروں پر مرنے کو ترجیح دے رہیں۔ لائبیریا اور سیرا لیون کو بالخصوص اس صورتِ حال کا سامنا ہے جہاں ایبولا متاثرین کے لیے کلنک کا ایک ٹیکہ بنا ہوا ہے اور معاشرہ انہیں ٹھکرا رہا ہے۔

مغربی افریقہ میں بعض لوگ بدستور ایبولا کے وجود سے انکار کرتے ہیں جبکہ بعض لوگوں کا ماننا ہے کہ مریضوں کو معاشرے سے علیحدہ رکھنے کے لیے بنائے گئے طبی مراکز اس وائرس کے پھیلاؤ کا ذریعہ ہیں۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق ایبولا سے متاثرہ ملکوں میں طبی عملے، سامان اور آلات کی کمی ہے۔ ہسپتال بھرے پڑے ہیں جبکہ تشخیص کی سہولتیں بھی کم پڑ رہی ہیں۔

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید