1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اپنے علاقے کا ایک انچ بھی نہیں چھوڑیں گے، چینی صدر

27 جون 2018

چینی صدر نے چین کے دورے پر آئے ہوئے امریکی وزیر خارجہ کو بتایا ہے کہ چین اپنے علاقے کا ایک اِنچ بھی نہیں چھوڑے گا۔ یہ بات انہوں نے جنوبی بحیرہ چین کے معاملے پر چین اور تائیوان کے درمیان موجود تناؤ کے تناظر میں کہی ہے۔

https://p.dw.com/p/30Q2E
US-Verteidigungsminister Mattis in China
تصویر: AFP/Getty Images/M. Schiefelbein

چین کے سرکاری ٹیلی وژن سی سی ٹی وی کے مطابق چینی صدر شی جن پنگ نے امریکی وزیر خارجہ جیمز میٹس کو بتایا ہے کہ چین کا اپنی حاکمیت اور علاقائی سالمیت کے حوالے سے نکتہ نظر انتہائی واضح ہے اور وہ اس حوالے سے کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ چینی صدر کے مطابق چین کے آباء واجداد نے جو کچھ پیھچے چھوڑا ہے، اس میں سے ایک اِنچ بھی کسی کو نہیں دیا جا سکتا۔ تاہم انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کروائی ہے کہ چین کسی اور کا علاقہ حاصل کرنے میں بھی کوئی دلچسپی نہیں رکھتا۔

US-Verteidigungsminister Mattis in China
تصویر: AFP/Getty Images/M. Schiefelbein

امریکی وزیر خارجہ تین روزہ دورے پر چین میں ہیں اور یہ سابق امریکی میرین جنرل خطے میں چینی فوجی پیش رفت کے شدید ناقد ہیں۔ امریکا نے حال ہی میں چین کی ان بین الاقوامی بحری مشقوں میں بھی حصہ لینے سے انکار کر دیا تھا، جو امریکی وزیر خارجہ کے دور کے دوران ہی شروع ہونے والی ہیں۔ دوسری جانب چین اس خطے میں بڑھتی ہوئی امریکی دلچسپی کے حوالے سے بھی پریشان ہے۔

تاہم بیجنگ میں ملاقات کے دوران شی جن پنگ کا امریکی وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا، ’’ہم دنیا میں افراتفری پیدا نہیں کرنا چاہتے۔‘‘ دوسری جانب جیمز میٹس کا صحافیوں سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ ان کے مذاکرات ’انتہائی مثبت‘ رہے ہیں۔

قبل ازیں چینی وزیر دفاع کا امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دونوں ممالک باہمی احترام اور تنازعات سے بچتے ہوئے ہی مل کر ترقی کر سکتے ہیں۔ سن دو ہزار چودہ کے بعد میٹس پینٹاگون کے وہ پہلے اعلیٰ عہدیدار ہیں، جو چین کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے چینی وزیر دفاع کو امریکا کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی ہے۔

ا ا / ا ب ا