اٹلی پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد ساٹھ فیصد کم ہو گئی
27 ستمبر 2018مہاجرین کے حوالے سے خبریں فراہم کرنے والے یورپی خبر رساں ادارے انفو مائیگرنٹس کے مطابق یورو سٹیٹ کے اعداد وشمار کے رُو سے یورپ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں مجموعی طور پر کمی واقع ہوئی ہے۔ یورپ میں امسال دوسری سہ ماہی کے دورانیے میں پناہ گزینوں کی آمد میں سن 2017 کی اسی مدت کے مقابلے میں اوسطاﹰ بارہ فیصد کمی ہوئی لیکن سن 2018 کی پہلی سہ ماہی میں اس شرح میں چار فیصد اضافہ بھی دیکھنے میں آیا تھا۔ اسپین اور یونان میں البتہ تارکین وطن کی آمد کی شرح زیادہ رہی۔
یہ بات درست طور پر کہی جا سکتی ہے کہ سن 2018 کی دوسری سہ ماہی میں اٹلی نے سالانہ بنیادوں پر گزشتہ سہ ماہی کی نسبت چار ہزار ایک سو پچپن کم مہاجرین کو رجسٹر کیا۔
یورو سٹیٹ کا کہنا ہے کہ اٹلی حقیقی معنوں میں وہ ملک بن گیا ہے جہاں تارکین وطن کی آمد میں گزشتہ برس کی پہلی دو سہ ماہیوں کے مقابلے میں خاطر خواہ کمی آئی ہے۔
یورو سٹیٹ نے یہ بات بھی زور دیتے ہوئے کہی کہ سن 2018 کی دوسری سہ ماہی میں یورپی یونین کی ریاستوں میں پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد قریب ایک لاکھ سینتیس ہزار تھی۔ یہ تعداد تقریباﹰ اتنی ہی ہے جو سن 2015 اور سن 2016 میں مہاجرین کا بحران شروع سے قبل سن 2014 میں تھی۔
علاوہ ازیں یورپی یونین کے شماریاتی ادارے کے مطابق رواں برس کی دوسری سہ ماہی میں جرمنی میں 33,700 افراد نے پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں۔ فرانس میں ایسی درخواستوں کی تعداد 26,100 جبکہ یونان میں 16,300 رہی۔
ص ح / ع ت