ايرانی ايتھليٹ نے ويٹ لفٹنگ کا کافی پرانا ريکارڈ توڑ ديا
25 اگست 2018ايرانی ايتھليٹ سہراب مرادی نے ويٹ لفٹنگ کے کھيل میں آج تک قائم سب سے پرانا عالمی ريکارڈ توڑ ديا ہے۔ مرادی نے انڈونيشيا کے دارالحکومت جکارتہ ميں جاری ايشين گيمز ميں ہفتہ پچيس اگست کے روز 94 کلوگرام کيٹيگری ميں سونے کا تمغہ حاصل کيا۔ اس ايرانی کھلاڑی نے 189 کلوگرام وزن اٹھا کر يونان کے اکاکيوس کاکياسويلس کا ريکارڈ توڑا، جنہوں نے سن 1999 ميں 188 کلوگرام وزن اٹھا کر ويٹ لفٹنگ کا یہ ريکاڈ قائم کيا تھا۔
ايران کے سہراب مرادی نے دو برس قبل برازيل کے شہر ريو ڈی جنيرو ميں ہوئے اولمپک مقابلوں ميں بھی اپنے ملک کے ليے سونے کا تمغہ حاصل کيا تھا۔ پھر پچھلے سال امريکا ميں منعقدہ ويٹ لفٹنگ کی عالمی چيمپئن شپ ميں بھی انہوں نے ’کلين اينڈ جرک‘ 233 کلوگرام وزن اٹھاتے ہوئے اور مجموعی طور پر 417 کلوگرام وزن اٹھا کر ان دونوں شعبوں ميں نئے عالمی ريکارڈ قائم کيے تھے۔
مرادی نے ہفتے کے روز ایشیائی مقابلوں کے دوران پہلے 182 کلوگرام وزن اٹھايا۔ پھر انہوں نے 189 کلوگرام وزن اٹھانے کی کوشش کی، جس ميں وہ شروع میں ناکام رہے۔ تاہم اپنی تيسری کوشش ميں وہ کامیاب رہے اور يوں ايک نيا عالمی ريکارڈ بھی قائم کر دیا۔ مرادی کے بقول اب وہ 96 کلوگرام کيٹيگری ميں کھيلنے کے ليے تياری کريں گے۔
ممنوعہ ادویات کے استعمال پر انتيس سالہ سہراب مرادی پر سن 2013 ميں دو سال کی پابندی عائد کر دی گئی تھی۔
ع س / م م، نيوز ايجنسياں