1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

اور بھارت سیریز ہار گیا

15 جنوری 2012

آسٹریلوی کرکٹ ٹیم نے پرتھ ٹیسٹ میں بھارت کو ایک اننگز اور 37 رنز سے شکست دے کر چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں تین صفر سے فیصلہ کن برتری حاصل کر لی ہے۔

https://p.dw.com/p/13jtm
تصویر: AP

آسٹریلوی بولرز نے پرتھ ٹیسٹ کے تیسرے دن کھانے کے وقفے کے بعد پوری بھارتی ٹیم کو 171 کے مجموعی رنز پر ڈھیر کر کے بارڈر گواسکر ٹرافی اپنے نام کر لی۔ بھارتی بلے بازوں نے جب دوسرے دن کے اسکور اٹھاسی چار کھلاڑی آؤٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو راہول ڈریوڈ اور ویراٹ کوہلی نے اچھا کھیل پیش کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پانچویں وکٹ کی شراکت میں چوراسی رنز جوڑے۔ تاہم جب ڈریوڈ 47 کے انفرادی اسکور پر ہیرس کی ایک عمدہ گیند پر بولڈ ہوئے تو بعد ازاں کوئی بھی بھارتی بلے باز ویراٹ کوہلی کا ساتھ نہ دے سکا۔

بھارت کی طرف سے نمایاں بلے باز کوہلی ہی رہے، جنہوں نے آسٹریلوی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔ انہوں نے 75 رنز بنائے اور سڈل کی گیند پر وکٹ کیپر بریڈ ہیڈن کو کیچ دے بیٹھے۔ بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی ایک مرتبہ پھر 'کیپٹن اننگز' کھیلنے میں ناکام رہے اور صرف 2 رنز بنا کر ہی سڈل کے ہاتھوں آؤٹ ہو گئے۔

آسٹریلوی بولر بن ہیلفن ہاؤس نے پہلی اننگز کی طرح دوسری میں بھی چار وکٹیں حاصل کیں اور بھارتی بلے بازی کا شیرازہ بکھیرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پیٹر سڈل نے تین، مچل اسٹارک نے دو جبکہ رائن ہیرس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

Cricketspieler Virat Kohli
بھارت کی طرف سے نمایاں بلے باز کوہلی ہی رہے، جنہوں نے آسٹریلوی بولرز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔تصویر: AP

بھارتی ٹیم نے پہلی اننگز میں 161 رنز بنائے جبکہ دوسری اننگز میں 171، یوں وہ آسٹریلوی ٹیم کی واحد اننگز کے اسکور 369 سے آگے نہ بڑھ سکی اور ایک اننگز اور 37 رنز سے شکست سے دوچار ہوئی۔ کھیل کا بہترین کھلاڑی آسٹریلوی اوپنر ڈیوڈ وارنر کو قرار دیا گیا۔ انہوں نے 180 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تھی، جو دراصل آسٹریلیا کی اس جیت کی بنیادی وجہ بنی۔

میچ کے بعد بھارتی کپتان مہندر سنگھ دھونی نے ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کھلاڑی آسٹریلوی 'کنڈیشنز' سے مطابقت پیدا کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں، جس کی وجہ سے انہیں اس سیریز میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریز کے آخری ٹیسٹ میں 'کم بیک' کرنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ چوبیس جنوری سے ایڈیلیڈ میں شروع ہو گا۔

رپورٹ: عاطف بلوچ

ادارت: حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں