1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں
ثقافتجرمنی

انگیلا میرکل کی تصنیف جرمنی میں اس سال کی کامیاب ترین کتاب

5 دسمبر 2024

سابق جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی یادداشتوں پر مشتمل تصنیف جرمنی میں اب تک سال رواں کی کامیاب ترین کتاب ثابت ہوئی ہے۔ مارکیٹ میں آنے کے بعد صرف پہلے ہفتے کے دوران ہی اس کتاب کی دو لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو چکی تھیں۔

https://p.dw.com/p/4nnEQ
چھبیس نومبر 2024، برلن: انگیلا میرکل اور ان کی کتاب کا ایک تشہیری بینر
چھبیس نومبر 2024، برلن: انگیلا میرکل اور ان کی کتاب کا ایک تشہیری بینرتصویر: Michael Kappeler/dpa

جرمن دارالحکومت برلن سے جمعرات پانچ دسمبر کو موصولہ رپورٹوں کے مطابق میرکل کی اس کتاب کے عام صارفین اور قارئین کی طرف سے یوں ہاتھوں ہاتھ لیے جانے کی تفصیلات جرمنی میں بک انڈسٹری کی ایک کمپنی کی طرف سے جاری کی گئیں۔

پوٹن اپنے ہمراہ کتا مجھے خوفزدہ کرنے کے لیے لائے تھے، میرکل

تقریباﹰ 16 سال تک جرمن سربراہ حکومت کے منصب پر فائز رہنے اور دائیں بازو کی طرف جھکاؤ کی حامل قدامت پسند سیاسی جماعت کرسچن ڈیموکریٹک یونین (سی ڈی یو) سے تعلق رکھنے والی ریٹائرڈ سیاست دان انگیلا میرکل کی یہ ضخیم تصنیف 736 صفحات پر مشتمل ہے۔

میرکل نے، جو جرمنی کی پہلی اور اب تک کی واحد خاتون چانسلر تھیں، اپنی یادداشتوں پر مشتمل اس کتاب کو ''آزادی: یادیں 1654 تا 2021‘‘ کا عنوان دیا ہے۔

دو دسمبر 2024، واشنگٹن: انگیلا میرکل کی کتاب کی تعارفی تقریب میں سابق جرمن چانسلر میرکل سابق امریکی صدر اوباما کے ساتھ
دو دسمبر 2024، واشنگٹن: انگیلا میرکل کی کتاب کی تعارفی تقریب میں سابق جرمن چانسلر میرکل سابق امریکی صدر اوباما کے ساتھ تصویر: Kevin Dietsch/Getty Images via AFP

بیسٹ سیلر لسٹ میں سب سے اوپر

یورپی یونین کے سب سے زیادہ آبادی والے ملک جرمنی میں کتابوں کی فروخت پر کاروباری حوالے سے نظر رکھنے اور کتب بینی کے رجحان کا تجزیہ کرنے والی کمپنی 'میڈیا کنٹرول‘ نے جمعرات کے روز اپنا جو تازہ ترین تجزیہ شائع کیا، اس کے مطابق اس کتاب کی حال ہی میں بک سٹوروں پر آنے کے بعد صرف پہلے ہفتے کے دوران ہی دو لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو گئی تھیں۔

'میڈیا کنٹرول‘ نامی کمپنی وہی ہے، جو معروف جرمن ہفت روزہ جریدے 'اشپیگل‘ کے لیے ملک میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والی کتابوں کی بیسٹ سیلر لسٹ بھی ترتیب دیتی ہے۔

انگیلا میرکل نے سی ڈی یو سے منسلک تھنک ٹینک چھوڑ دیا

اس کمپنی کی مینیجنگ ڈائریکٹر اُلریکے آلٹِگ نے برلن میں بتایا، ''اس سال چھپ کر مارکیٹ میں آنے والی کتابوں میں سے کسی بھی دوسری کتاب کے لیے رواں سال اتنا شاندار نہیں رہا، جتنا کہ انگیلا میرکل کی کتاب کے لیے۔‘‘

اُلریکے آلٹِگ نے کہا کہ اپنی اشاعت کے چند روز کے اندر اندر ہی میرکل کی تصنیف 'فریڈمﺍ نے انتہائی کامیاب کتابوں کی متعدد بیسٹ سیلر لسٹوں میں اپنی جگہ بنا لی تھی۔ سابق چانسلر میرکل نے یہ کتاب اپنی ایک دیرینہ معتمد بیاٹے باؤمن کے ساتھ مل کر لکھی ہے۔

امریکہ میں ایک بک سٹور پر انگیلا میرکل کی کتاب
اس کتاب کی مارکیٹ میں آمد کے پہلے ہی ہفتے میں اس کی دو لاکھ سے زائد کاپیاں فروخت ہو گئیںتصویر: DW

کتاب کی قیمت بیالیس یورو

اس وقت 70 سالہ میرکل نے اس کتاب میں اپنی زندگی کے آج سے تین سال پہلے تک کے 67 برسوں کو پلٹ کر دیکھنے کی کوشش کی ہے۔ جرمنی میں اس مجلد کتاب کی قیمت 42 یورو ہے۔

اس قیمت میں سے مصنفہ کے طور پر انگیلا میرکل کو کتنی رقم کا دیا جانا قانونی طور پر طے ہوا تھا، اس بارے میں کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

چانسلرشپ کے بعد انگیلا میرکل کی مصروفیات کیا ہوں گی؟

کتاب کے ناشر ادارے نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا، ''ہم اس کتاب کی اشاعت سے قبل طے پانے والے معاہدے یا اپنے پبلشنگ ہاؤس کے اندرونی معاملات کی کوئی تفصیلات جاری نہیں کر سکتے۔‘‘

کئی جرمن میڈیا اداروں نے اس بارے میں حال ہی میں لکھا تھا کہ اس کتاب کے لیے مشترکہ مصنفین کے طور پر متعلقہ پبلشنگ ہاؤس نے انگیلا میرکل اور بیاٹے باؤمان کو کئی ملین یورو کی پیشگی ادائیگی کی۔

م م / ش ر (ڈی پی اے)