1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’انگیلا میرکل‘، جرمن چانسلر پر فیچر فلم

امجد علی17 مارچ 2015

ایک جرمن فلم ساز ادارے نے اعلان کیا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی زندگی پر ایک فلم تیار کی جا رہی ہے، جو 2017ء میں سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔ بتایا گیا ہے کہ یہ فلم بین الاقوامی اشتراک سے بنے گی۔

https://p.dw.com/p/1Es8R
جرمن چانسلر انگیلا میرکل
جرمن چانسلر انگیلا میرکلتصویر: AP

جرمن خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے اے وی ای (آڈیو وژوئل اینٹرٹینمنٹ) ٹیلی وژن پروڈکشن کمپنی کے سربراہ ولید نقشبندی کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلم ’انگیلا میرکل‘ کی کاسٹ بھی بین الاقوامی سطح کی ہو گی۔ ڈی پی اے کے مطابق نقشبندی نے بتایا کہ اس فلم کا اسکرپٹ ڈِرک کُرب یُووائٹ نے تحریر کیا ہے۔ پیشے کے اعتبار سے صحافی اور معروف جرمن ہفت روزہ جریدے ’ڈیئر اشپیگل‘ سے وابستہ کُرب یُووائٹ ہی اس سے پہلے 2009ء اور 2014ء میں چانسلر میرکل کی شخصیت پر دو کتابیں ’انگیلا میرکل‘ اور ’کوئی اور متبادل نہیں‘ تحریر کر چکے ہیں۔

ولید نقشبندی نے البتہ یہ کہا کہ ابھی وہ یہ بتانے سے قاصر ہیں کہ اس فلم میں جرمن سیاستدان انگیلا میرکل کا کردار کونسی اداکارہ نبھائیں گی۔ واضح رہے کہ فوربز میگزین گزشتہ نو برسوں سے مسلسل ساٹھ سالہ انگیلا میرکل کو دنیا کی طاقتور ترین خاتون قرار دیتا چلا آ رہا ہے۔ اسی طرح اس جریدے نے اپنی فہرست میں اُنہیں دنیا کا پانچواں طاقتور ترین فرد بھی قرار دیا ہے۔

ولید نقشبندی نے کہا:’’مسز میرکل ایک شاندار بائیو گرافی کی حامل ہیں۔ وہ پُر کشش بھی ہیں اور پوری دُنیا میں جانی پہچانی بھی جاتی ہیں۔ وہ جہاں جاتی ہیں، ہلچل پیدا کر دیتی ہیں اور مرکزِ نگاہ بن جاتی ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھر کے ناظرین کے لیے اُن کی زندگی کو فلمایا جائے۔‘‘ خود ولید نقشبندی سات سال کی عمر میں افغانستان سے اپنے والدین کے ساتھ جرمنی آئے تھے۔

وہ پُر کشش بھی ہیں اور پوری دُنیا میں ’’جانی پہچانی بھی جاتی ہیں۔ وہ جہاں جاتی ہیں، ہلچل پیدا کر دیتی ہیں اور مرکزِ نگاہ بن جاتی ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھر کے ناظرین کے لیے اُن کی زندگی کو فلمایا جائے‘‘
وہ پُر کشش بھی ہیں اور دُنیا میں ’’جانی پہچانی بھی جاتی ہیں، جہاں جاتی ہیں، مرکزِ نگاہ بن جاتی ہیں۔ وقت آ گیا ہے کہ دنیا بھر کے ناظرین کے لیے اُن کی زندگی کو فلمایا جائے‘‘تصویر: AP

ولید نقشبندی نے کہا کہ ڈِرک کُرب یُووائٹ جرمنی کی سیاست پر گہری نظر رکھتے ہیں اور جرمن چانسلر کی شخصیت اور اُن کے سیاسی کیریئر سے اچھی طرح سے واقفیت رکھتے ہیں:’’مجھے خوشی ہے کہ ہم اس فلم کے لیے اُن کی طرح کے ایک تجربہ کار مصنف کو حاصل کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔‘‘

اُنہوں نے کہا کہ کُرب یُووائٹ اپنے اسکرپٹ میں انگیلا میرکل کو ایک انسان کے طور پر بھی دیکھیں گے اور ایک ایسی چانسلر کے طور پر بھی، جو میڈیا سے نمٹنا جانتی ہیں اور ایک عشرے سے اقتدار کو اپنی مضبوط گرفت میں لیے ہوئے ہیں۔

اے وی ای نے جرمنی کے پبلک ٹی وی چینل کے لیے ’مائی ڈاٹر آنے فرانک‘ کے نام سے ایک دستاویزی فلم بھی بنائی ہے۔ یہ ادارہ فیچر فلم ’دی ڈائری آف آنے فرانک‘ میں بھی اشتراک کر رہا ہے، جس کی شوٹنگ آج کل ایمسٹرڈم میں جاری ہے۔