انگلش کرکٹ ٹیم سترہ سال بعد پاکستان کے دورے پر
15 ستمبر 2022انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم سترہ سال بعد جمعرات کے روز کراچی پہنچ گئی۔ انگلش ٹیم کی پاکستانی کرکٹ میدانوں میں طویل عدم حاضری کی وجہ پاکستان میں ماضی میں سری لنکا کی قومی کرکٹ ٹیم پر دہشت گردانہ حملے کے بعد پیدا ہونے والے سلامتی کے خدشات تھے۔ کراچی ایئرپورٹ کے ایک اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ 19 کھلاڑیوں کے علاوہ معاون عملے پر مشتمل انگلینڈ کا اسکواڈ ایک تجارتی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچا ہے۔ انگلینڈ آخری بار 2005 ء میں پاکستان میں کھیلا تھا ۔ انگلش ٹیم کو گزشتہ برس پاکستان کا دورہ کرنا تھا تاہم ان سے قبل نیوزی لینڈ کی ٹیم نے حفاظتی خدشات کا حوالہ دیتے ہوئے اپنا دورہ منسوخ کر دیا تھا ۔
اس کے بعد انگلینڈ نے بھی مختصر نوٹس پر اپنا دورہ ملتوی کر دیا تھا۔ 2009 ء میں لاہور میں سری لنکن ٹیم کی بس پر عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد پاکستان کو متحدہ عرب امارات میں غیر جانبدار مقامات پر بین الاقوامی میچ کھیلنے پر مجبور ہونا پڑا تھا۔ کرکٹ بتدریج پاکستان واپس لوٹی ہے اور اس سال کے اوائل میں آسٹریلیا نے تقریباﹰ چوتھائی صدی میں پہلی بار پاکستان کا کامیاب دورہ کیا تھا۔
انگلینڈ بیس ستمبر سے دو اکتوبر تک کراچی اور لاہور میں پاکستان کےخلاف سات ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے گا۔ انگلش ٹیم دسمبر میں تین ٹیسٹ میچ کھیلنے کے لیے واپسی ہوگی۔
ش ر ⁄ ر ب (اے ایف پی)