انوشکا شرما کا نیا البم یورپ پہنچنے والے مہاجرین کے نام
11 اپریل 2016جمالیاتی فنون کے ماہرین کے مطابق جنگ زدہ علاقوں سے مہاجرت کے تکلیف دہ عمل سے گزر کر کسی دوسری سرزمین پر پہنچنے والے مہاجرین کے دکھ اور درد کو موسیقی کے ذریعے بیان کرنا ایک خاصا مشکل تخلیقی عمل تصور کیا جاتا ہے۔ ممتاز ستار نواز اور کمپوزر انوشکا شرما نے اِس مشکل تخلیقی عمل سے گزرتے ہوئے اپنا نیا البم پیش کیا ہے۔ اِس البم میں شرما نے تمام آئٹمز میں یورپ پہنچنے والے مہاجرین کے کرب کو موسیقی کے ذریعے بیان کرنے کی کوشش کی ہے۔ اُن کی اِس فنی کوشش میں کئی فنکاروں نے ساتھ دیا ہے، جن میں ماضی کی مشہور اداکارہ وینیسا ریڈگریو اور ریپر ایم آئی اے خاص طور پر نمایاں ہیں۔
خاتون ستار نواز کے مطابق اُن کےالبم میں ترتیب دیا گیا میوزک کوئی سیاسی بیان نہیں ہے بلکہ یہ اُن کے ذاتی احساسات کا ترجمان ہے۔ انوشکا شرما نے کچھ عرصہ قبل اپنے دوسرے بچے کو جنم دیا تھا اور اب زچگی کے بعد کا عرصہ ختم کر کے انہوں نے نیا البم پروڈیوس کیا ہے۔ اِس کے علاوہ اِن دنوں وہ اپنے کنسرٹس کے عالمی پروگرام کے پہلے مرحلے پر امریکی شہروں کے دورے پر ہیں۔
انوشکا شرما کے نئے میوزیکل البم کے حوالے سے ماہرین کا کہنا ہے کہ موسیقی کسی بھی فنکار کے اظہار کا ذریعہ ہوتی ہے اور خاتون ساز نواز نے اِس کا سہارا لے کر اِس عالمی بحران کو ایک نیا لہجہ دیا ہے۔ اس خاتون فنکارہ کے البم کا نام ’ لینڈ آف گولڈ ‘ ہے اور یہ رواں برس پہلی اپریل کو مارکیٹ کیا گیا ہے۔ اُن کے البم کے کم از کم دو آئٹمز ایسے ہیں، جن میں ریپر سنگر ایم آئی اے اور اداکارہ وینیسا ریڈگریو کے فن کو شامل کیا گیا ہے۔ برطانوی اداکارہ ریڈ گریو نے فجی کے بھارتی نژاد شاعر پَوَن ریڈی کے اشعار کو پڑھا ہے۔ پون ریڈی کے مہاجرت کے حوالے سے اشعار انوشکا شرما کو انسٹاگرام پر ملے تھے۔
بچپن اور جوانی کے کئی برس امریکی ریاست کیلیفورنیا کے جنوبی حصے کی سان ڈیگو کاؤنٹی میں گزارنے کے بعد اب چونتیس برس کی انوشکا شرما مستقل طور پر برطانوی شہر لندن میں مقیم ہو کر رہ گئی ہیں۔ وہ اِسی شہر میں پیدا ہوئی تھیں۔ انہوں نے دہلی میں بھی خاصا وقت گزارا ہے۔ وہ پانچ مرتبہ گریمی ایوارڈ کے لیے بھی نامزد ہو چکی ہیں۔ وہ معروف اداکارہ اور گلوکارہ نورا جونز کی سوتیلی بہن بھی ہیں۔ مغربی شائقینِ موسیقی کو ستار کے ساز سے روشناس اُن کے والد پنڈت روی شنکر نے ہی کروایا تھا، جو انوشکا کے لیے بھی یقیناً ایک اعزاز کی بات ہے۔