1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

’انضمام نے جفا کی ہے‘، افغان کرکٹ شائقین خفا

شادی خان سیف، کابل17 اپریل 2016

افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو کامیابیوں کی ڈگر پر ڈالنے والے پاکستانی کوچ انضمام الحق جلد ہی افغان ٹیم کو الوداع کہنے والے ہیں۔ افغان کرکٹ شائقین اس پر خاصے خفا ہیں۔

https://p.dw.com/p/1IXL7
تصویر: Getty Images

افغانستان کرکٹ بورڈ نے گزشته برس ایسے موقع پر مایه ناز بلے باز انضمام الحق کو کوچنگ کی ذمه داریاں سونپی تهیں جب انضمام کو بین الاقوامی سطح پر کوچنگ کا نہ تو تجربه تها اور نہ ہی وه اس حوالے سے شہرت رکھتے تھے۔ تاہم بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے ایک منجھے ہوئے اور قابل بهروسه بلے باز کی حیثیت سے دهاک بٹهانے والے انضمام کی شخصیت اور کرکٹ کی جانب ان کی روش افغان کرکٹ حکام کو خوب بهائی۔

انضمام انتہائی تحمل مزاج ہونے کے ساتھ ساتھ مذہبی رجحانات کے حامل شخص ہیں اس باعث افغان ٹیم میں ان کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا تھا اور وه ٹیم کو متحد کرنے اور ہر فرد کو بہترین کارکردگی پر مائل کرنے میں خاصے کامیاب بھی رہے۔

افغانستان کے مشهور کرکٹ کمنٹیٹر ابراہیم مومند کے بقول انضمام نے گو کہ افغانستان کرکٹ بورڈ کے ساته طے شده معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے، یه بات قابل ستائش ہے که انہوں نے افغانستان کی کرکٹ کو بہت کچه دیا ہے، ’’یه بات اپنی جگه که انضمام نے کهلاڑیوں کو نئی تکنیک سکهائی یا نہیں، حقیقت يه ہے که انهوں نے افغان ٹیم میں نئی جان ڈالنے، اسے متحد کرنے اور کامیابی کی ڈگر پر ڈالنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔‘‘

انضمام کی کوچنگ میں افغان کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں کافی کامیابیاں حاصل کی ہیں
انضمام کی کوچنگ میں افغان کرکٹ ٹیم نے حال ہی میں کافی کامیابیاں حاصل کی ہیںتصویر: D. Sarkar/AFP/Getty Images

انضمام کا کنٹريکٹ رواں برس نومبر تک تها اور اس میں تين ماه کے نو ٹس پيريڈ پر اتفاق ہوا تها۔ ذرائع کے مطابق انضمام کو ديگر مراعات کے ساته ساته ماہانه 12 ہزار ڈالر مشاہرہ دیا جا رہا تھا۔

انضمام کی کوچنگ میں افغانستان کی کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو ایک روزه اور ٹوئنٹی ٹوئنٹی میچوں میں شکست دینے کے بعد ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں انگلینڈ، سری لنکا اور جنوبی افریقه کا ڈٹ کر مقابله اور عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کو تو شکست تک دے ڈالی۔

پاکستان اور بهارت کے برعکس افغانستان میں کرکٹ ایک نیا کهیل ہے۔ قومی دستے کی حالیه اچهی کارکردگی نے اس کهیل کی مقبولیت کو ملک کے گلی کوچوں میں پہنچا دیا ہے۔ ان دنوں دارالحکومت کابل سمیت ملک کے بیشتر حصوں کے میدانوں میں کرکٹ کا میله سجا رہتا ہے۔ ٹیلی وژن پر آئی پی ایل کے مقابلے تواتر سے دیکھے جاتے ہیں اور سماجی محفلوں میں بهی کرکٹ کا چرچا رہتا ہے۔

عام شہری البته اس طرح اچانک انضمام کے چلے جانے پر بالکل بهی خوش نہیں۔ کابل کے حضوری چمن میں کرکٹ کهیلنے والے زبیر احمد نے ڈی ڈبلیو کو بتایا که یه انضمام کی جانب سے افغانستان کے ساته بالکل ایک ’’جفا‘‘ ہے: ’’جون میں ہمارا اسکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ساته مقابله ہے اور پهر اور بهی میچز هونے ہیں۔ ایسے میں ٹیم کو اکیلا چهوڑ کر چلے جانا جفا ہے۔‘‘

اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ انضمام الحق کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپنا چاہتا ہے
اطلاعات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ انضمام الحق کو چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں سونپنا چاہتا ہےتصویر: DW/T. Saeed

افغانستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین سرور دانش نے البته اپنے پیغام میں لکها ہے که یه ایک فطری بات ہے که ہر کوئی اپنے ہی ملک کو ترجیح دیتا ہے، اسی لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے ساتھ اچھے تعلقات کی خاطر انضمام کا قبل از وقت استعفٰی قبول کر لیا گیا ہے۔

ان سے قبل (اے سی بی) کے چیف ایگزیکیٹیو شفیق ستانکزئی نے کہا تها که پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان نے انہیں کہا ہے کہ انضمام الحق کو ریلیز کر دیا جائے کیونکہ وہ انہیں پاکستانی قومی کرکٹ ٹیم کا نیا چیف سلیکٹر بنانا چاہتے ہیں۔

کمنٹیٹر ابراهیم مومند کے بقول افغانستان کی کرکٹ ٹیم کو انضمام کا بہترین متبادل تلاش کرنے میں بہت وقت لگے گا، ’’انضمام کے مقابلے میں کوچنگ کا زیاده تجربه رکهنے والے کرکٹرز افغانستان کی کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کر چکے ہیں مگر جو بات انضمام کی تهی وه ہر ایک میں نهیں۔‘‘