امریکی وسط مدتی الیکشن: اپوزیشن پارٹی ری پبلکن کی کامیابی
5 نومبر 2014خبر رساں ادارے نے واشنگٹن سے موصولہ رپورٹوں کے حوالے سے بتایا ہے کہ اپوزیشن پارٹی نے سینیٹ میں اکثریت حاصل کر لی ہے جبکہ ایوان نمائندگان میں بھی اپنی پوزیشن مزید مستحکم بنانے کے اہل ہو چکی ہے۔ اس صورت میں امریکی صدر باراک اوباما کی حکومت اگلے دو برسوں کے دوران مشکلات کا شکار ہو سکتی ہے۔
منگل کو ہوئے انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق اپوزیشن ری پبلکن پارٹی نے اوباما کی ڈیموکریٹک پارٹی کو سینیٹ کی سات اہم نشستوں پر شکست دے دی ہے۔ جارجیا، کولوراڈو، ارکنساس، مونٹانا، ساؤتھ ڈیکوٹا اور ویسٹ ورجینیا میں سینیٹ کے الیکشن ہارنے پر اوباما کی پارٹی شدید مایوس ہے۔ وسط مدتی الیکشن سے قبل سو سیٹوں والی سینیٹ میں صدر اوباما کی پارٹی کو معمولی برتری حاصل تھی۔
امریکی میڈیا پر پیش کیے جانے والے جائزوں کے مطابق پہلے ہی کہا جا رہا تھا کہ ری پبلکن پارٹی ایوان نمائندگان میں بھی نہ صرف اپنی اکثریت قائم رکھنے میں کامیاب ہو جائے گی بلکہ ایسے امکانات بھی موجود ہیں کہ وہ اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لے گی۔
2006ء کے بعد پہلی مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ ری پبلکن پارٹی نے سینیٹ اور ایوان نمائندگان یعنی دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کر لی ہے۔ امریکی میڈیا پر نشر کیے گئے اندازوں کے مطابق ری پبلکن پارٹی سینیٹ میں کم ازکم باون نشستیں حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائے گی۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس کے اندازوں کے مطابق ری پبلکن پارٹی 435 نشستوں والے ایوان نمائندگان میں سے 226 پر کامیابی حاصل کر سکتی ہے جبکہ ایک اور نشریاتی ادارے این بی سی نے کہا ہے کہ ری پبلکن پارٹی 242 نشستوں پر کامیاب ہو سکتی ہے۔
اس وسط مدتی الیکشن سے قبل ڈیموکریٹس کی کوشش تھی کہ وہ عوام میں اپنی مقبولیت کو بحال کر سکے لیکن بہت سے ناقدین نے پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ اس الیکشن میں ری پبلکن پارٹی کامیابی حاصل کر لے گی۔
سینیٹ اور ایوان نمائندگان میں اپوزیش پارٹی کے کنٹرول حاصل کر لینے سے آئندہ دو برسوں کے دوران اپوزیشن پارٹی صدر اوباما کو کسی بھی قانون سازی سے روکنے میں کامیاب ہونے کے علاوہ ان کی پالیسیوں پر بھی اثر انداز ہو سکے گی۔