1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکی صدارتی الیکشن 2012: مہنگی ترین انتخابی مہم

1 ستمبر 2011

امریکی سیاسی منظر پر اگلے سال کے صدارتی انتخابات کی مہم پر امکاناً چھ ارب ڈالر کا خرچہ آ سکتا ہے۔ اندازوں کے مطابق یہ امریکی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات ثابت ہو سکتے ہیں۔

https://p.dw.com/p/12RRP
رک پیریتصویر: picture alliance/Globe-ZUMA

امریکی اقتصادیات زبوں حالی کی شکار بیان کی جاتی ہے لیکن اس کا امریکہ کے اگلے برس ہونے والے صدارتی انتخابات پر کوئی اثر دکھائی نہیں دیتا۔ اسی باعث مبصرین کا کہنا ہے کہ امریکہ کی سب سے بڑی انڈسٹری پالیٹکس یا سیاست ہے۔ ابتدائی مہم کے لیے ری پبلکن اور ڈیموکریٹ پارٹیاں عطیات کی متلاشی ہیں اور اپنے اپنے حامیوں کو اس مناسبت سے ترغیب دے رہی ہیں۔

امریکی سیاست پر نظر رکھنے والے اہم تھنک ٹینک سینٹر فار ریسپانسیو پالیٹِکس کی ایگزیکیٹو ڈائریکٹر شیلا کرُم ہولز کا کہنا ہے کہ سابقہ انتخابات میں پانچ ارب ڈالر کے قریب خرچہ دیکھا گیا تھا جو اس بار یقینی طور پر بڑھ جائے گا اور یہ چھ ارب ڈالر سے تجاوز کر سکتا ہے۔ اگلے برس کے انتخابات کے لیے ری پبلکن پارٹی کی جانب سے صدارتی امیدوار کے چناؤ کا عمل جاری ہے اور اس مناسبت سے پرائمریز کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

Repräsentantenhaus am Capitol Hill NO FLASH
امریکی کانگریس کے لیے بھی امیدوار اپنی مہم شروع کر چکے ہیںتصویر: picture-alliance/dpa

ماہرین کے نزدیک چھ ارب ڈالر تک خرچہ پہنچنے کی سب سے بڑی وجہ ممکنہ امیدواروں کا فنڈ اکھٹا کرنے میں اثر و رسوخ خیال کیا جا رہا ہے۔ موجودہ امریکی صدر ایک بار پھر اپنے سابقہ الیکشن کی مہم جتنا فنڈ اکٹھا کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔ انہوں نے سن 2008 میں  760 ملین ڈالر کے قریب فنڈ اکٹھا کیا تھا۔ اوباما کے مقابلے میں ری پبلکن پارٹی کے دو صف اول کے امیدواروں میں ایک ریاست میساچُوسٹس کے سابق گورنر مِٹ رومنی ہیں اور دوسرے ریاست ٹیکساس کے گورنر رِک پیری ہیں۔ یہ دونوں بھی فنڈ اکھٹا کرنے کے معاملے میں ہیوی ویٹ امیدوار خیال کیے جاتے ہیں۔

صدارتی الیکشن کے ساتھ ساتھ کانگریس کے دونوں ایوانوں کے لیے ممکنہ امیدوار بھی فنڈ اکھٹا کرنے میں مصروف ہیں۔ ایوان نمائندگان اور سینیٹ کے لیے فی امیدوار 295 ملین ڈالر تک کے فنڈ جمع کرنے کی کوشش میں ہیں۔ صدارتی الیکشن اور کانگریس کے لیے فنڈ جمع کرنے کے بعد یہ رقوم ٹیلی وژن اور مقامی ریڈیو چینل پر تشہیری مہم کے علاوہ میڈیا کمپنیوں پر خصوصی تشہیر کے استعمال میں لائی جاتی ہیں۔

امریکہ میں اگلے صدارتی انتخابات کی تاریخ چھ نومبر سن دو ہزار بارہ ہے۔

رپورٹ:  عابد حسین

ادارت:  حماد کیانی

اس موضوع سے متعلق مزید سیکشن پر جائیں

اس موضوع سے متعلق مزید

مزید آرٹیکل دیکھائیں