امریکی اور یورپی یونین تجارتی تنازعہ حل کرنے پر متفق
26 جولائی 2018ژان کلود ینکر اور ڈونلڈ ٹرمپ کی بات چیت کے بعد امریکا اور یورپی یونین کے مابین صنعتی شعبے میں اضافی محصولات کے تنازعے کے حل کی امید پیدا ہو گئی ہے۔ صدر ٹرمپ اور ینکر دونوں نے اعلان کیا کہ کئی نکات پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ ینکر کے بقول، ’’ہمارے مابین ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔‘‘
دونوں رہنماؤں نے واضح کیا کہ صنعتی مصنوعات پر اضافی ٹیکس ختم کرنے کی دو طرفہ کوششیں کی جائیں گی۔ یورپی کمیشن کے سربراہ نے اس تناظر میں مزید بتایا کہ جب تک مذاکرات جاری رہیں گے امریکا اور یورپی یونین دونوں کی جانب سے نئے ٹیکس عائد نہیں کیے جائیں گے۔
ٹرمپ نے اس موقع کو آزادی تجارت کے حوالے سے اسے ایک بڑا دن اور یورپی یونین سے تعلقات کے تناظر میں اسے ایک نیا دور قرار دیا، ’’ یہ دور ہو گا قریبی دوستی کا اور مضبوط تجارتی روابط کا ، جس سے دونوں کو فائدہ ہو گا۔
ینکر اس مقصد کے ساتھ واشنگٹن گئے تھے تاکہ امریکا اور یورپی یونین کے مابین تجارتی تنازعے میں شدت کو روکا جا سکے۔ ٹرمپ پہلے ہی یورپی ایلمونیم اور فولاد کی صنعت پر اضافی ٹیکس عائد کر چکے ہیں۔ جواب میں یورپی یونین نے بھی امریکی وہسکی، جینز اور موٹر سائیکلوں پر اضافی درآمدی ڈیوٹی نافذ کر دی تھی۔
اس کے بعد ٹرمپ نے یورپی گاڑیوں اور اضافی پرزہ جات پر ڈیوٹی بڑھانے کی دھمکی دی تھی اور امریکی وزارت تجارت کو اس سلسلے میں جائزہ لینے کا کہا تھا۔ اس امریکی اقدام سے سب سے زیادہ نقصان جرمن کار ساز صنعت کو ہوتا۔