امریکہ میں موبائل ہسپتالوں کی مقبولیت و افادیت
12 اگست 2010چالیس فٹ یا بارہ میٹر طویل موبائل گھر جب ہیلتھ کلینکس میں تبدیل ہوتا ہے تو دیکھنے والے حیران رہ جاتے ہیں۔ یہ موبائل کلینکس صبح آٹھ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک مریضوں کو ہنگامی طبی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔ بوسٹن میں شروع ہونے والے پراجیکٹ کے بعد لوگوں کا کہنا ہے کہ اس موبائل ہسپتال کی انتہائی افادیت ظاہر ہوئی ہے۔ کئی لوگ اپنےکھانے کے وقفے یا لنچ بریک میں دفاتر یا کام کرنے والے مقام سے آ کر موبائل ہیلتھ کلینکس میں اپنی جسمانی تکلیف یا عارضوں پر مشورت کے بعد معالج سے حسب ضرورت دوا حاصل کر لیتے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں دانتوں کی بیماریوں کے علاوہ بریسٹ کینسر کی تشخیص کرنے والی جدید مشینیں نصب ہیں۔
منافع کو موبائل ہیلتھ کلینکس کا ٹارگٹ نہیں بنایا گیا ہے۔ بوسٹن کے متحرک ہسپتال، ہارورڈ یونیورسٹی کے ساتھ وابستہ ہیں۔ بوسٹن شہر کے نواح کی غریب اور کم آمدنی والی بستیوں میں اس موبائل ہسپتال کا باقاعدگی سے گزر ہوتا ہے۔ایسے موبائل کلینکس کی امریکہ میں تعداد دو ہزار تک پہنچ چکی ہے۔
مبصرین کے مطابق امریکہ میں علاج خاصا مہنگا ہو چکا ہے اور یہ متحرک ہسپتال یقینی طور پر ہیلتھ اخراجات کو کنٹرول کرنے میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔ ان ہسپتالوں میں ایمرجنسی کمرے بھی ہیں جہاں دائمی امراض کے مریض فوری علاج اور طبی امداد کے لئے کچھ گھنٹوں کے لئے داخل بھی ہو جاتے ہیں۔ رش اور بھیڑ کی صورت میں بھی پینتالیس منٹ میں ایک مریض کی باری آ جاتی ہے۔
ہارورڈ یونیورسٹی کی جانب سے اس متحرک ہسپتال کے شعبے کی نگران جینیفر بینیٹ کا کہنا ہے کہ ان موبائل کلینکس کے قیام کا مقصد بیماروں کو فوری علاج مہیاکرنا ہے۔ بینیٹ کے مطابق اس طریقہٴ علاج میں اخراجات انتہائی کم آ رہے ہیں اور معیاری علاج کی سہولت کم آمدنی والے افراد تک پہنچ رہی ہے۔ جینیفر بینیٹ کا خیال ہے کہ ان موبائل ہسپتالوں سے امریکہ میں سماجی و معاشرتی صورت حال کے بہتر ہونے سے ان کے ملک کا تشخص بھی بہتر ہو گا۔ بینیٹ کے مطابق متحرک ہسپتالوں کی وجہ سےعام لوگ ہیلتھ کیئر کی اہمیت سے جہاں آگاہ ہوں گے وہیں صحت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری بھی کریں گے۔
امریکہ میں علاج معالجے پر حکومتی اور افراد کی جانب سے ڈھائی کھرب ڈالر سے زائد سالانہ بنیادوں پر خرچ کیا جاتا ہے۔ یہ کل امریکی سالانہ شرح پیداوار کا پندرہ فیصد بنتا ہے۔ اگر ایک عام فرد اوسطاً ہسپتال جائے تو وہ تقریباً 923 ڈالر سے زائد خرچ کرتا ہے جبکہ موبائل ہسپتالوں میں یہ خرچہ 117 ڈالر ہے۔ امریکہ میں بڑی بڑی یونیورسٹیاں اس انداز کے پراجیکٹ کو عوامی بنانے کی خواہش رکھتی ہیں۔
رپورٹ: عابد حسین
ادارت: ندیم گِل