امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، تین افراد ہلاک
10 مارچ 2018امریکی ریاست کیلیفورنیا کی وادیٴ ناپا میں قائم اسٹریس يا ذہنی دباؤ کے شکار مریضوں کے ایک مرکز میں ایک سابقہ فوجی نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے تین خاتون امدادی ورکروں کو ہلاک کر دیا۔ اس سابقہ فوجی نے ان تینوں خواتین کو جمعے کی صبح سے یرغمال بنا کر رکھا ہوا تھا۔ بعد ازاں مشتبہ حملہ آور نے خود کو بھی ہلاک کر لیا۔
فلوریڈا اسکول حملہ آور ’نسل پرستانہ سوچ‘ کا حامل
امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، سترہ افراد ہلاک
لاس ویگاس میں فائرنگ کا واقعہ، کم از کم بیس افراد ہلاک
جمعہ کو سارا دن کیلیفورنیا کی پولیس پوری کوشش کے باوجود امریکی فوجی البرٹ وونگ کے ساتھ کوئی رابطہ استوار کرنے میں ناکام رہی۔ شام کو جب وہ کمانڈو ایکشن کرنے کے لیے اندر داخل ہوئی تو اُسے چار نعشیں ملیں۔ ان میں تین خواتین کی تھیں اور چوتھی مشتبہ حملہ آور کی بتائی گئی ہے۔
جس مرکز ميں یہ واردات کی گئی ہے، اُس کا نام پاتھ وے ہوم ہے اور اس کی نگران ایک غیرسرکاری تنظیم ہے۔ ہلاک ہونے والی تین خواتین میں سے دو ذہنی دباؤ کے شکار مریضوں کی بحالی کے پروگرام کا حصہ تھیں۔ تیسری ہلاک ہونے والی خاتون اس سینٹر کی ایک انتظامی افسر تھیں۔ اس واقعے کے دوران کئی مریضوں کو محفوظ مقام پر منتقل بھی کر دیا گیا تھا۔
خواتین کو یرغمال بنانے اور ہلاک کرنے والے سابقہ امریکی فوجی کا نام البرٹ وونگ بتایا گیا ہے۔ چھتیس سالہ امریکی فوجی ذہنی دباؤ کے اس مرکز میں زیر علاج رہ چکا ہے۔ وونگ کو مرکز کی جانب سے دو ہفتے قبل مطلع کیا گیا تھا کہ وہ اب اسٹریس سے باہر آ چکا ہے لہذا وہ اب جا سکتا ہے۔ البرٹ وونگ کیلیفورنیا کے شہر سیکرامنٹو کا رہائشی تھا۔ یہ ایک برس تک افغانستان میں بھی متعین رہا تھا۔ وونگ کو بھی جنگی حالات میں وقت گزارنے کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
تفتیش کار ابھی تک تعین نہیں کر سکے کہ حملہ آور کی اس واردات کی وجوہات کیا ہیں۔ ایک اندازہ یہ بھی ہے کہ اُس کو سینٹر سے فارغ کرنا بھی اُس کی خفگی کا باعث ہو سکتا ہے اور اسی برہمی میں اُس نے فائرنگ کر کے تین ملازمين کو ہلاک کر دیا۔
پاتھ وے ہوم علاج گاہ کیلیفورنیا کے شہر یُونٹ وِل میں واقع ہے۔ اس مرکز میں افغانستان اور عراق کی جنگ میں لڑنے وہ امریکی فوجی رکھے جاتے ہیں جنہیں جنگی حالات کی وجہ سے شدید ذہنی دباؤ کا سامنا ہے۔