1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا میں سفید فام قوم پرستوں کی ریلی، کم از کم تین ہلاک

عابد حسین
13 اگست 2017

امریکا میں سفید فام کٹر نسل پرستوں اور اُن کے مخالفین کی ریلیوں میں تین افراد کے مارے جانے کا بتایا گیا ہے۔ شارلٹ وِل نامی شہر میں ہونے والی ان جھڑپوں میں کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

https://p.dw.com/p/2i8Vb
USA Virginia - Ausschreitungen nach Demonstrationen
تصویر: Getty Images/C. Somodevilla

امریکی ریاست ورجینیا کا شہر شارلٹ وِل اپنے تعلیمی ماحول کی وجہ سے انتہائی پرامن تصور کیا جاتا تھا۔ ہفتہ بارہ جولائی کو اس شہر کا سکون سفید فام قوم پرستوں کی ریلی اور اِس کے مخالفین کے جلوس کے شرکاء کے درمیان ہونے والی جھڑپوں نے تاراج کر دیا۔

شارلٹ وِل میں ہونے والی ان جھڑپوں میں تین افراد کے ہلاک اور درجنوں کے زخمی ہونے کا بتایا گیا ہے۔ لڑائی اور مار کٹائی کے علاوہ مخالفین ایک دوسرے پر جوتے بھی برساتے رہے۔

’فرگوسن کا واقعہ، امریکا میں نسل پرستی کے رجحان کی عکاسی‘

سفید فام پولیس افسران کو قتل کرنا چاہتا تھا، ڈیلاس حملہ آور

سفید فام امریکیوں میں ہیروئن کے استعمال میں واضح اضافہ

مقامی میڈیا کے مطابق امریکا میں کئی برسوں کے بعد سفید فام نسل پرستوں کا یہ سب بڑا اجتماع تھا۔ اس میں نیو نازی، گنجے سروں والے سفید فام قوم پرستوں کا گروپ ’اسکن ہیڈز‘ اور کُو کلُوکس کلین کے اراکین بھی شامل تھے۔ اس ریلی کا نام انہوں نے’ امریکا واپس لو‘ رکھا ہوا تھا۔

USA Virginia - Ausschreitungen nach Demonstrationen
سفید فام انتہا پسندوں کی ریلی کے مخالفین کے جلوس کو ایک کار سے بھی نشانہ بنایا گیاتصویر: Getty Images/W. McNamee

یہ سفید فام قوم پرست امریکا کے مختلف شہروں سے ورجینیا ریاست کے شہر شارلٹ ول پہنچ کر قریبی جنگلوں اور پہاڑی علاقوں میں ڈیرے ڈالے ہوئے تھے۔ کئی سفید فام باشندے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت میں بھی نعرے لگا رہے تھے۔

سفید فام نسل پرستوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والے بھی بڑے بڑے بینر اٹھائے ہوئے تھے اور اُن پر مختلف سلوگنز درج تھے۔ ان میں سیام فام امریکی باشندوں کی اہمیت اور محبت کا پیغام دینے والے الفاظ درج تھے۔

تینوں ہلاکتیں مختلف مقامات پر ہوئی ہیں۔ ان ہلاکشدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہے، جو سڑک عبور کرتے ہوئے جھگڑا کرنے والوں کی لپیٹ میں آ گئی۔ اس صورت حال کی فضا سے نگرانی کرنے والا مقامی پولیس کا ایک ہیلی کاپٹر بھی گر کر تباہ ہوا ہے۔

USA Virginia Charlottesville - Ausschreitungen nach Demonstrationen
لڑائی اور مار کٹائی کے علاوہ مخالفین ایک دوسرے پر جوتے بھی برساتے رہےتصویر: picture-alliance/dpa/ZUMA Wire/G. Nakamura

ورجینیا کے گورنر ٹیری میک اولیف نے مظاہروں کے مقام شارلٹ وِل میں ایمرجنسی کا نفاذ کر دیا ہے۔ انہوں نے شہر میں پیدا ہونے والی صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اس کی مذمت بھی کی ہے۔ شہر کے میئرمائیکل سیگنر کا کہنا ہے کہ امریکا کے دوسرے شہروں سے آنے والے سفید فام قوم پرستوں نے اُن کے شہر کے امن کو بگاڑ کر رکھ دیا ہے۔

سفید فام انتہا پسندوں کی ریلی کے مخالفین کے جلوس کو ایک کار سے بھی نشانہ بنایا گیا۔ جلوس کو تیزرفتار کار سے نشانہ بنانے والے بیس سالہ ڈرائیور جیمز الیکس فیلڈ جونیئر کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے اور اُس پر سینکڈ ڈگری کے قتل کی فرد جرم بھی عائد کر دی ہے۔