1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

امریکا داخلی معاملات میں مداخلت کر رہا ہے، چین

30 مئی 2020

چین کی کمیونسٹ پارٹی کے ترجمان اخبار نے کہا ہے کہ ہانگ کانگ چین کا اندرونی معاملہ ہے اور اس میں امریکی مداخلت کی کوششیں ناکام ہوں گی۔

https://p.dw.com/p/3d0yj
Proteste in Hongkong
تصویر: picture-alliance/dpa/AP/N. H. Guan

چین کی حکمران کمیونسٹ پارٹی کے اخبار 'پیپلز ڈیلی‘ کا یہ تبصرہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے بعد شائع ہوا ہے جس میں انہوں نے ہانگ کانگ کے لیے مختص خصوصی مراعات ختم کرنے کا عندیہ دیا ہے۔ ٹرمپ کا بیان چینی پارلیمنٹ کے ہانگ کانگ کے لیے نئے سکیورٹی قانون کی منظوری کے بعد سامنے آیا۔

امریکا اور چین ’نئی سرد جنگ کے دہانے‘ پر ہیں، چینی وزیر خارجہ

ہانگ کانگ میں چینی سکیورٹی قوانین کے نفاذ کا امکان

جمعہ کو اپنے بیان میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ ہانگ کانگ کے لیے خصوصی تجارتی مراعات ختم کر دیں گے۔ امریکا اور برطانیہ نے ہانک کانگ کا مسئلہ سلامتی کونسل میں بھی اٹھانے کی کوشش کی ہے لیکن چین کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کا فورم اس معاملے کو زیر بحث لانے کے لیے موزوں مقام نہیں۔

اخبار پیپلز ڈیلی نے اپنے اداریے میں لکھا ہے کہ چینی عوام پورے عزم کے ساتھ ہانگ کانگ میں مداخلت کی بیرونی کوششوں کو ناکام بنا دیں گے۔ اخبار نے واضح کیا کہ بلیک میلنگ اور جبر سے چین کو جھکانے کے تمام اقدامات خام خیالی ہیں۔

ادھر وائٹ ہاؤس میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے امریکی صدر کا کہنا ہے کہ چینی اقدامات سے ہانگ کانگ کا قابل فخر تشخص متاثر ہوا ہے۔ ٹرمپ نے سابقہ برطانوی کالونی کے شہریوں کے ساتھ چین کے ناروا سلوک کو ایک المیہ قرار دیا۔

اس موقع پر انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ امریکا عالمی ادارہ صحت کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کر رہا ہے۔ امریکی صدر ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن پر الزام عائد کرتے ہیں کہ اس کا جھکاؤ واضح طور پر چین کی جانب ہے۔

کورونا وائرس کا خوف، لوگ خوراک اور ادویات ذخیرہ کر رہے ہیں

امریکی اقدام کے جواب میں چین نے دھمکی دی ہے کہ وہ سن 1997میں ہانگ کانگ کو برطانیہ سے چین کے حوالگی کے وقت دی گئی خصوصی تجارتی مراعات کو منسوخ کر سکتا ہے۔

خصوصی انتظامی اختیارات کے حامل اس علاقے میں گزشتہ کچھ برسوں سے بے چینی بڑھ رہی ہے جس کے باعث ہانگ کانگ کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ سن 2019 میں کئی ماہ تک جمہوریت نوازوں کے مظاہروں اور انتہائی سخت جوابی سکیورٹی اقدامات سے ہانگ کانگ کی سیاسی، سماجی، انتظامی اور مالی صورت حال کو شدید ٹھیس پہنچ چکی ہے۔

ع ح، ش ج (اے ایف پی، اے پی)