امريکی نائب صدر برلن ميں، چانسلر ميرکل سے ملاقات
1 فروری 2013سن 2009 ميں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد سے يہ امريکی نائب صدر جو بائيڈن کا يہ پہلا دورہ برلن ہے۔ وہ آج مقامی وقت کے مطابق دوپہر تين بجے چانسلر ميرکل سے ملاقات کر رہے ہيں، جس ميں اہم عالمی امور، دونوں ممالک کے درميان تعلقات اور يورپ اور امريکا کے درميان آزاد تجارت کے ايک معاہدے پر بات چيت متوقع ہے۔ اس ملاقات ميں بائيڈن امريکی صدر باراک اوباما کے ممکنہ جرمن دورے کے بارے ميں بھی بات کريں گے۔
خبر رساں ادارے اے ايف پی کی آج برلن سے جاری کردہ ايک رپورٹ ميں بتايا گيا ہے کہ بائيڈن نے ايران کو تنبيہ کی ہے کہ اس کے متنازعہ جوہری پروگرام کے حوالے سے مذاکرات کے مواقع ’لا محدود‘ نہيں ہيں۔ امريکی اعلیٰ اہلکار نے يہ بات ايک جرمن اخبار زوڈ ڈوئچ زائٹنگ (Sueddeutsche Zeitung) کو ديے گئے ايک انٹرويو ميں کہی۔ انہوں نے کہا، ’’ہم سمجھتے ہيں کہ سفارت کاری کا ايک وقت اور مقام ہے، جس کے ساتھ معاشی دباؤ بھی ہوتا ہے۔ تاہم يہ موقع لامحدود مدت کے ليے دستياب نہيں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ايران کو اپنے متنازعہ جوہری پروگرام کی وجہ سے مزيد پابنديوں اور عالمی دباؤ کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ امريکا اور کئی يورپی ممالک کا دعویٰ ہے کہ ايران اپنے ايٹمی پروگرام کی آڑ ميں جوہری ہتھيار تيار کر رہا ہے۔ تہران حکومت مسلسل اس الزام کو رد کرتی چلی آئی ہے اور اس کا کہنا ہے کے ايران کا جوہری پروگرام پر امن مقاصد کے ليے ہے۔
بائيڈن نے اس انٹرويو ميں ايران پر زور ديا کہ وہ مذاکراتی عمل کا حصہ بنے اور مسئلے کے حل کے ليے مکالمت کا راستہ اختيار کرے۔ انہوں نے دہرايا کہ تہران کے خلاف پابنديوں کا مقصد سزا نہيں بلکہ اسے اپنی بين الاقوامی ذمہ داريوں کی جانب کائل کرنا ہے۔
امريکی نائب صدر جو بائيڈن اپنے اس دورے ميں تين يورپی ممالک جائيں گے۔ آج چانسلر ميرکل کے ساتھ ملاقات کے بعد وہ جرمن شہر ميونخ کا رخ کريں گے، جہاں آج ہی سے ’ميونخ سکيورٹی کانفرنس‘ کا اننچاسواں اجلاس شروع ہو رہا ہے۔ بائيڈن ہفتے کو اس اجلاس ميں خارجہ پاليسی پر تقرير کريں گے۔ اس کے بعد وہ کل ہی روسی وزير خارجہ سرگئی لاوروف، شام کے ليے اقوام متحدہ اور عرب ليگ کے خصوصی مندوب لخضر براہيمی اور شامی اپوزيشن کے سربراہ معاذ الخطيب سے بھی ملاقاتيں کريں گے۔ اتوار کے روز بائيڈن جرمنی ميں موجود امريکی فوجيوں سے ملاقات کريں گے، جس کے بعد وہ فرانسيسی صدر فرانسوا اولانڈ کے ساتھ بات چيت کے ليے پيرس روانہ ہو جائيں گے۔ اس کے اگلے روز بائيڈن لندن ميں برطانوی وزير اعظم ڈيوڈ کيمرون سے ملاقات کريں گے۔
as/zb (AFP, dpa)