الجزائر بتيس سال بعد ورلڈ کپ کا ميچ جيتنے ميں کامياب
23 جون 2014برازيل کے شہر پورٹو آلیگرے ميں اتوار کو گروپ ايچ کی دو ٹيموں الجزائر اور جنوبی کوريا کے مابين کھيلا گيا میچ الجزائر نے چار دو سے جيت ليا۔ ميچ کے پہلے ہاف ميں الجزائر کے ليے اسلام سليمانی، رفيق حليچے اور عبدالمومے جابو نے ايک ايک گول کر کے اپنی ٹيم کو تين گولوں کی برتری دلوا دی تھی۔ دوسرے ہاف ميں جنوبی کوريا کے ليے سون ہيونگ من اور کو جا کيول نے ايک ايک گول کيا جبکہ الجزائر کے ليے ياسين براہيمی نے ايک اور گول کر ڈالا۔
اس ميچ ميں کاميابی کے بعد الجزائر کے اس ٹورنامنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے ليے کواليفائی کرنے کے امکانات روشن ہو گئے ہيں۔ یہ شمالی افريقی ٹيم اب تک دو ميچ کھيل چکی ہے، جس ميں اس نے تين پوائنٹس حاصل کيے ہيں اور وہ اپنے گروپ ميں دوسرے نمبر پر ہے۔ گروپ ايچ کی ديگر ٹيموں میں سے بيلجيم کے چھ جبکہ جنوبی کوريا اور روس کا ايک ايک پوائنٹ ہے۔
اتوار کے روز الجزائر کی ٹيم بتيس برس کے طويل عرصے بعد فٹ بال کے عالمی کپ کا کوئی ميچ جيتنے ميں کامياب رہی۔ اس سے قبل الجزائر نے ورلڈ کپ کا اپنا آخری ميچ 1982ء ميں مغربی جرمنی کے خلاف جيتا تھا۔ گزشتہ روز الجزائر اور جنوبی کوريا کے مابين کھيلا جانے والا ميچ اس ليے بھی اہم تھا کہ يہ پہلا موقع ہے کہ کسی افريقی ملک کی ٹيم نے ورلڈ کپ کے کسی ایک ميچ ميں چار گول اسکور کيے ہوں۔
قبل ازيں بائيس جون کو پہلا ميچ گروپ ايچ ہی کی ٹيموں بيلجيم اور روس کے مابين کھيلا گيا، جو بيلجيم نے ايک صفر سے جيت ليا۔ ريو ڈی جينيرو ميں کھيلے گئے اس ميچ کا واحد گولDivock Origi نے کيا۔ بيلجيم نے اس کاميابی کے ساتھ ٹورنامنٹ کے اگلے مرحلے کے ليے کواليفائی کر ليا ہے جبکہ روس کو اب ناک آؤٹ اسٹيج تک رسائی کے ليے اپنے آخری گروپ ميچ ميں الجزائر کو شکست دينا ہو گی۔
اتوار کا تيسرا اور آخری ميچ امريکا اور پرتگال کے مابين کھيلا گيا، جو دو دو گول سے برابر رہا۔ ميچ کا ابتدائی گول پرتگال نے کيا ليکن امريکی ٹيم نے بعد ازاں دو گول کرتے ہوئے سبقت حاصل کر لی۔ تاہم اس سنسنی خير ميچ کے اختتام سے صرف تيس سيکنڈ قبل پرتگال نے دوسرا گول کر کے ميچ برابر کر ديا۔
يوں اب تک دونوں ٹيميں دو دو ميچ کھيل چکی ہيں اور امريکا کے چار جبکہ پرتگال کا صرف ايک پوائنٹ ہے۔ گروپ مرحلے ميں امريکا کا آخری ميچ جرمنی سے ہوگا۔ يہ ميچ جيتنے والی ٹيم ہر حال ميں اگلے مرحلے ميں پہنچ جائے گی اور گروپ ميں دوسرے نمبر پر رہنے والی ٹيم باقی تين ميں سے کوئی ايک ہو گی۔ اگر امريکا اور جرمنی کا ميچ برابر رہا تو يہی دونوں ٹيميں ناک آوٹ مرحلے ميں پہنچ جائيں گی اور گھانا اور پرتگال کی ٹيميں اپنے باہمی ميچ کے کسی بھی نتيجے سے قطع نظر ورلڈ کپ سے خارج ہو جائيں گی۔