افغانستان اور آئرلینڈ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ملک بن گئے
22 جون 2017افغانستان اور آئرلینڈ کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے اپنے ایک اجلاس میں مکمل رکن ملکوں کی حیثیت دے دی۔ آج جمعرات بائیس جون کو لندن میں ہونے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے خصوصی اجلاس میں مکمل رکنیت کے حامل دس ملکوں نے متفقہ طور پر ان دونوں اقوام کو ٹیسٹ میچ کھیلنے کا درجہ دینے کی تجویز منظور کر لی۔ اس پیش رفت کے بعد اب یہ دونوں ملک کرکٹ کے پانچ روزہ ٹیسٹ میچ کھیل سکیں گے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے رواں برس کے اوائل میں اس بات کا اصولی فیصلہ کیا تھا کہ ان ملکوں نے ’ٹیسٹ اسٹیٹس‘ حاصل کرنے کے لیے جملہ شرائط پوری کر لی ہیں۔ اُسی وقت طے کیا گیا تھا کہ لندن اجلاس میں مزید چھان بین کے بعد ان ملکوں کی حتمی حیثیت کا تعین کیا جائے گا۔ دو عشرے قبل بنگلہ دیش کو ٹیسٹ اسٹیٹس دیے جانے کے بعد پہلی مرتبہ کسی ملک کو کرکٹ کے اس اہم اعزاز سے نوازا گیا ہے۔
اس طرح اب براعظم ایشیا میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان ایسے پانچ ملک ہیں جو کرکٹ کے کھیل کے عالمی ادارے کے مستقل رکن ہیں۔ یورپ میں انگلستان کے علاوہ آئرلینڈ کو بھی اب یہ درجہ حاصل ہو گیا ہے۔ براعظم افریقہ میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے آئی سی سی کے مکمل رکن ہیں جبکہ بحیرہء کیریبیئن کے مختلف جزائر پر مشتمل ایک ٹیم بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلتی ہے، جو ویسٹ انڈیز کہلاتی ہے۔ اُدھر پیسیفک میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ بھی ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والے ممالک ہیں۔