1. مواد پر جائیں
  2. مینیو پر جائیں
  3. ڈی ڈبلیو کی مزید سائٹس دیکھیں

آسٹریلین اوپن، جوکووچ نے پانچویں بار اپنے نام کر لیا

عاطف بلوچ1 فروری 2015

دنیائے ٹینس کے نمبر ایک کھلاڑی نوواک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن کے فائنل میں برطانوی اسٹار کھلاڑی اینڈی مرے کو شکست دے کر یہ ٹائٹل پانچویں مرتبہ اپنے نام کر لیا ہے۔

https://p.dw.com/p/1EU7X
مجموعی طور پر جوکووچ کے گرینڈ سلام ٹائٹلز کی تعداد آٹھ ہو گئی ہےتصویر: Getty Images/M. Vatsyana

اتوار کے دن ملبورن پارک میں کھیلے گئے مردوں کے سنگلز مقابلوں کے اس فائنل میں سرب کھلاڑی جوکووچ نے ستائیس سالہ مرے کو چار سیٹوں میں ہی مات دے دی۔ انہوں نے یہ مقابلہ سات چھ، چھ سات، چھ تین اور چھ صفر سے اپنے نام کیا۔ یوں جوکووچ نے آسٹریلین اوپن ٹائٹل پانچویں مرتبہ اپنے نام کیا جبکہ مجموعی طور پر ان کے گرینڈ سلام ٹائٹلز کی تعداد آٹھ ہو گئی ہے۔

مرے کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میں چوتھی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ 2011ء اور 2013ء میں بھی مرے جوکووچ کے ہاتھوں شکست کا شکار ہو ئے تھے جبکہ 2010ء میں راجر فیڈرر نے انہیں مات دے دی تھی۔ جوکووچ پانچ مرتبہ آسٹریلین اوپن کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں اور انہیں ان مقابلوں میں ابھی تک کوئی نہیں ہرا سکا ہے۔

Tennisspieler Andy Murray
مرے کو آسٹریلین اوپن کے فائنل میں چوتھی مرتبہ شکست کا سامنا کرنا پڑا ہےتصویر: picture alliance/Back Page Images/E. Ling

اتوار کے دن فائنل میں کامیابی کے بعد خوشی کے عالم میں جوکووچ نے اپنا ٹینس ریکٹ روڈ لیور ایرینا میں بیٹھے ہوئے شائقین کی طرف اچھال دیا۔ اس مقابلے کو دیکھنے کے لیے ماضی کے اسٹار ٹٰینس کھلاڑی روئے ایمرسن بھی میلبورن پارک میں موجود تھے۔ایمرسن نے آسٹریلین اوپن کا ٹائٹل چھ مرتبہ اپنے نام کرنے کا اعزاز حاصل کر رکھا ہے۔

تین گھنٹے اور انتالیس منٹ تک جاری رہنے والے اس میچ کے بعد جوکووچ نے کورٹ میں ایمرسن کی موجودگی پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا، ’’مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں نے پانچویں مرتبہ یہ ٹائٹل جیتنے کے اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ مجھے خوشی ہے کہ میں ایلیٹ کھلاڑیوں کے اس گروپ میں شامل ہو گیا ہوں، جس میں روڈ لیور، روئے ایمرسن اور دیگر لیجنڈ کھلاڑی بھی شامل ہیں۔‘‘

تقریب انعامات میں اینڈی مرے نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ایک مرتبہ پھر مجھے یہاں شائقین کی طرف سے حیرت انگیز تعاون ملا۔ میں جیت نہیں سکا لیکن مجھے جو اسپورٹ ملی ہے میں اس کا شکر گزار ہوں۔ آئندہ برس میں کوشش کروں گا کہ جب اس مقابلے میں حصہ لینے آؤں تو فائنل میں اس کا نتیجہ کچھ مختلف ہو۔‘‘ مرے اب تک مجموعی طور پر آٹھ گرینڈ سلام ٹورنامنٹس کے فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں، جن میں سے دو مرتبہ وہ کامیاب بھی رہے ہیں۔

اس فائنل میں کامیابی کے ساتھ یہ امر یقینی ہو گیا ہے کہ نوواک جوکووچ عالمی رینکنگ میں نمبر ایک پر ہی براجمان رہیں گے۔ پیر کے دن نئی اے ٹی پی رینکنگ کا اعلان کیا جائے گا، جس میں مرے اب چوتھے نمبر پر آجائیں گے۔ اس وقت ان کی عالمی رینکنگ چھ ہے۔

ہفتے کے دن امریکی ٹینس اسٹار سیرینا ویلمز نے خواتین سنگلز کے فائنل میں روسی کھلاڑی ماریا شارا پوا کو شکست دے کر چھٹی مرتبہ یہ ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ عالمی نمبر ایک 33 سالہ خاتون کھلاڑی سیرینا اس کامیابی کے ساتھ انیس گرینڈ سلام ٹائٹلز جیتنے کا اعزاز حاصل کر چکی ہیں۔